چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا لاہور میں سم ڈسٹری بیوشن سائٹ اور سینٹرل زونل آفس کا دورہ

0

لاہور(زیبائے پاکستان)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے گورنمنٹ اسلامیہ بوائز ہائر سیکنڈری سکول، ملتان روڈ لاہور میں قائم بینظیر سم ڈسٹری بیوشن سائٹ کا دورہ کیا اور خواتین بینیفشریز کو مفت سم کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں بینظیر سم، نئے ڈیجیٹل ادائیگی نظام اور اس سے متعلق حفاظتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا کہ بینظیر سم بالکل مفت ہے اور اس کی کوئی فیس نہیں۔ BISP کی کسی بھی سکیم، سروس یا سروے کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جاتی اور سروے کے لیے کسی فارم کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے خواتین کو ہدایت کی کہ کسی بھی ایجنٹ کو ادائیگی میں کٹوتی نہ کرنے دیں اور شکایت کی صورت میں فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ ذمہ داران کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

چیئرپرسن نے خواتین کو آگاہ کیا کہ بینظیر سم ان کا بٹوا ہے، جس کی حفاظت ان کی ذمہ داری ہے۔ خواتین اپنا موبائل فون یا سم کسی ایجنٹ کے حوالے نہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ جب وظیفے کی رقم آئے گی تو انکو موبائل پر تصدیقی میسج بھی موصول ہوگا، جسے خواتین محفوظ رکھیں اور ڈیلیٹ نہ کریں۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ بینظیر سم صرف BISP کے متعلقہ دفتر سے حاصل کریں، کسی دکان سے نہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت مستحق خواتین ملک بھر میں کسی بھی جگہ سے، کسی بھی وقت اور مجاز بینک کے کسی بھی ایجنٹ سے اپنی رقم وصول کر سکتی ہیں۔ اگر کسی ایک ایجنٹ سے رقم نہ ملے تو خواتین کسی دوسرے مجاز بینک کے ایجنٹ سے اپنی رقم وصول کرنے کا اختیار رکھتی ہیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر BISP میں نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد مستحق خواتین کو ادائیگیوں کے حوالے سے زیادہ سہولت، شفافیت اور بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواتین کو بااختیار بنانے اور کمزور طبقات کے تحفظ کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو خواتین کے لیے بہادری، عزم اور حوصلے کی مثال تھیں۔ خواتین کو ان کی زندگی سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے اور کسی بھی قسم کی زیادتی کو برداشت نہیں کرنا چاہیے۔

چیئرپرسن نے مزید بتایا کہ جن خواتین کے انگوٹھے کی تصدیق نہیں ہو رہی، وہ نادرا دفتر سے فیشل ریکگنیشن یعنی چہرے کی شناخت کا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتی ہیں۔ نئے ڈیجیٹل نظام کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ خواتین کو درپیش مسائل اور شکایات کی بروقت نشاندہی اور ازالہ کیا جا سکے اور نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق مستند معلومات کے لیے پروگرام کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رجوع کریں اور بلیو ٹک والے اکاؤنٹس سے جاری ہونے والی معلومات کو ترجیح دیں۔

بعد ازاں چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے BISP سینٹرل زونل آفس لاہور کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کے نظام کا جائزہ لیا اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے قائم نظام کو سراہا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب نصیر الدین سرور بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.