سوزوکی کا 2030 تک نئی گاڑیوں کی تیاری کا وقت نصف کرنے کا ہدف

0

کراچی (زیبائے پاکستان)جاپانی آٹو موبائل کمپنی سوزوکی موٹر نے نئی گاڑیوں کی تیاری کے عمل کو تیز کرنے اور پیداواری کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اہم اہداف مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تقریباً 2030 تک نئی گاڑیوں کی ڈویلپمنٹ کا دورانیہ مالی سال 2020 کی سطح کے مقابلے میں نصف کرنا چاہتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق سوزوکی کا مقصد صرف نئی گاڑیوں کی تیاری میں وقت کم کرنا نہیں بلکہ ڈویلپمنٹ اور مینوفیکچرنگ کے پورے عمل کو زیادہ مؤثر بنانا بھی ہے۔ کمپنی نے 2030 تک ڈویلپمنٹ کی کارکردگی میں 30 فیصد جبکہ پیداواری کارکردگی میں 50 فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

سوزوکی کے مطابق نئی گاڑی تیار کرنے کے عمل میں ڈیزائن، انجینئرنگ، ٹیسٹنگ اور بڑے پیمانے پر پیداوار سے قبل تیاری سمیت کئی مراحل شامل ہوتے ہیں۔ اس پورے عمل کے دورانیے میں کمی سے کمپنی کو نئی گاڑیاں نسبتاً کم وقت میں مارکیٹ میں متعارف کرانے اور صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کا تیزی سے جواب دینے میں مدد مل سکتی ہے۔

کمپنی نے اپنے آئندہ کے پیداواری منصوبوں میں بھارت کو بھی اہم مرکز قرار دیا ہے، سوزوکی کا کہنا ہے کہ وہ مالی سال 2030 یا اس کے بعد بھارت میں اپنی سالانہ پیداواری صلاحیت کو بڑھا کر 40 لاکھ سے 49.9 لاکھ گاڑیوں تک لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

عالمی آٹو موبائل صنعت میں اس وقت نئی ٹیکنالوجی، برقی گاڑیوں، پیداواری لاگت اور سپلائی چین کے حوالے سے مسابقت میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے میں بڑی کار ساز کمپنیاں گاڑیوں کی تیاری کا وقت کم کرنے، پیداواری لاگت پر قابو پانے اور نئی مصنوعات کو تیزی سے مارکیٹ میں لانے کے لیے اپنے مینوفیکچرنگ نظام کو جدید بنا رہی ہیں۔

سوزوکی بھی اپنی پیداواری کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ مختلف ایشیائی اور عالمی منڈیوں میں اپنی موجودگی بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے، پاکستانی آٹو مارکیٹ میں بھی سوزوکی ایک نمایاں برانڈ ہے اور مقامی سطح پر تیار ہونے والی سوزوکی گاڑیاں طویل عرصے سے پاکستانی صارفین کے زیر استعمال ہیں۔

حالیہ عرصے میں پاکستان میں تیار کردہ سوزوکی آلٹو کی برونائی کو برآمد بھی شروع کی گئی ہے، جو مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیوں کے لیے بیرونی منڈیوں تک رسائی کی مثال ہے۔

دوسری جانب سوزوکی کے اعلان کے بعد جمعہ کو ٹوکیو اسٹاک مارکیٹ میں کمپنی کے حصص کی قیمت میں 0.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جاپان کے اہم نکی انڈیکس میں بھی 1.1 فیصد اضافہ ہوا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.