تحریر: صاحبزادہ عتیق اللہ
بلوچستان کی سیاست میں چند شخصیات ایسی ہیں جنہوں نے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا اور عملی اقدامات کے ذریعے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی۔ انہی نمایاں شخصیات میں حلقہ PB-41 سے منتخب ہونے والے رکن بلوچستان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود بلوچستان، حاجی ولی محمد نورزئی کا نام نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔
حاجی ولی محمد نورزئی نے اپنے حلقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ پانی کی قلت جیسے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے مختلف علاقوں میں نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب، پرانے واٹر سپلائی نظام کی بحالی اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی گئی، جس سے ہزاروں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔
تعلیم کے شعبے میں بھی ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ حلقے کے مختلف اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، عمارتوں کی تعمیر و مرمت، اضافی کمروں کی منظوری اور تعلیمی ماحول کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔ ان کا ماننا ہے کہ تعلیم ہی ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے اور نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے
صحت کے شعبے میں حاجی ولی محمد نورزئی نے بنیادی مراکز صحت کی بہتری، طبی سہولیات کی فراہمی اور عوام کو علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی کوششوں سے متعدد علاقوں میں صحت کی سہولیات میں بہتری آئی اور عوام کو اپنے علاقوں میں بہتر طبی خدمات میسر آئیں۔
علاقے کی سڑکوں، گلیوں اور محلوں کی تعمیر و ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ مختلف علاقوں میں گلیوں کو ٹیف ٹائل سے آراستہ کیا گیا جبکہ نکاسی آب کے جدید نظام کی تعمیر اور مرمت سے شہریوں کو درپیش مسائل میں نمایاں کمی آئی۔ ان ترقیاتی منصوبوں نے نہ صرف شہری ماحول کو بہتر بنایا بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی کو بھی آسان بنایا۔
حاجی ولی محمد نورزئی کی سب سے نمایاں اور انسان دوست کاوش منشیات کے عادی افراد کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ بحالی و علاج کے مرکز کے قیام کے لیے ان کی کوششیں ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ منشیات کے شکار افراد مجرم نہیں بلکہ توجہ اور علاج کے مستحق ہیں۔ اس سوچ کے تحت ایسے اقدامات کیے گئے جن سے نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور متاثرہ افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ یہ اقدام نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کے لیے ایک قابل تقلید مثال بن چکا ہے۔
بطور پارلیمانی سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود، حاجی ولی محمد نورزئی خصوصی افراد، یتیم بچوں، بیواؤں اور مستحق خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی سیاسی بصیرت، عوامی وابستگی اور خدمت کے جذبے نے انہیں اپنے حلقے کے عوام میں ایک مقبول اور قابل اعتماد رہنما کے طور پر متعارف کرایا ہے۔
عوام کی فلاح، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سماجی بہبود کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد اس بات کا ثبوت ہے کہ حاجی ولی محمد نورزئی حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ایک فعال اور مخلص عوامی نمائندہ ہیں۔ ان کی خدمات آنے والے برسوں میں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی داستان کا ایک اہم باب ثابت ہوں گی۔
