ایران امریکہ امن معاہدہ اور پاکستان کا تاریخی کردار

0

احمدخان اچکزئی

 

محترم قارئین، عالمی سیاست کے نقشے پر ایک ایسا موڑ آ چکا ہے جہاں طاقت کا توازن اور سفارتی ترجیحات تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں۔ حالیہ واقعات اور بیانات سے یہ بات واضح ہو کر سامنے آئی ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والا امن معاہدہ محض ایک دفاعی تصفیہ نہیں، بلکہ خطے کی معاشی و سیاسی صورتِ حال میں ایک انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔ اس تاریخی معاہدے پر دستخط کے بعد عالمی منظر نامے پر امریکہ کی سفارتی ہزیمت اور ایران کے فاتحانہ موقف کو صاف دیکھا جا سکتا ہے۔ برسوں سے عائد سخت معاشی و تجارتی پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران اب دنیا کے سامنے ایک نئی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔ دنیا بھر میں منجمد ایرانی اثاثوں کی مرحلہ وار واگزاری اور تجارتی شاہراہوں کی بحالی نے اس حقیقت کو ثابت کر دیا ہے کہ سخت دباؤ اور جنگی جنون کے باوجود پائیدار حکمتِ عملی اور صبر کے ذریعے بڑے عالمی مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔اس پورے بحران کے دوران سفارتی سطح پر سب سے نمایاں اور قابلِ فخر کردار پاکستان کا رہا ہے۔ ایک ایسے نازک وقت میں جب بین الاقوامی برادری اور طاقتور ممالک اس سنگین تنازع کو حل کرنے میں ناامید دکھائی دے رہے تھے، پاکستان نے آگے بڑھ کر ثالثی کا بیڑا اٹھایا۔ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک سفارتی کوششوں کے نتیجے میں تیسری عالمی جنگ کے منڈلاتے ہوئے بادل چھٹ گئے۔ “میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ اسلام آباد” کے نام سے موسوم اس تاریخی سمجھوتے نے نہ صرف دو دیرینہ حریفوں کو مذاکرات کی میز پر لایا بلکہ دنیا پر یہ بھی واضح کر دیا کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر امن کا ایک انتہائی ذمہ دار اور فعال داعی ہے۔ جدید ڈیجیٹل طریقہ کار کے تحت اسلام آباد، تہران اور فرانس سے کی جانے والی اس معاہدے کی توثیق نے عالمی تاریخ میں پاکستان کا نام سنہرے حروف سے درج کروا دیا ہے۔معاہدے کے تکنیکی اور سیاسی شقوں کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ اس کے اثرات دور رس ہوں گے۔ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی حدود کے احترام کا لوہا مانا گیا ہے۔ مزید، لبنان میں سیز فائر کو اس معاہدے کا حصہ بنا کر اسرائیل کے جنگی عزائم کو لگام دی گئی ہے تاکہ خطے کے کسی دوسرے حصے میں سیز فائر کی خلاف ورزی نہ ہو سکے۔ بحری تجارت کے لیے انتہائی اہم ترین گزرگاہ سٹریٹ آف ہرمز سے امریکی بحری جہازوں کے انخلا اور ناکہ بندی کے خاتمے نے بین الاقوامی تجارت کی راہ میں حائل تمام تر رکاوٹیں دور کر دی ہیں۔ اب ایران اپنے قانونی حق کے مطابق بحری راستوں کے استعمال پر ٹول ٹیکس وصول کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی منڈی کے نرخوں پر آزادانہ طور پر اپنے تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی فروخت کر سکے گا، جس کا مستقیم فائدہ ہمسایہ ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان کی معیشت کو بھی حاصل ہو گا۔دوسری جانب، اس معاہدے کے پسِ پردہ کئی چونکا دینے والے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ مذاکراتی عمل کے دوران ایران پر ہونے والی بمباری میں متحدہ عرب امارات کا ملوث ہونا اور امریکہ کا تمام تر سفارتی ملبہ اماراتی انتظامیہ پر ڈالنا، اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے ذاتی و سفارتی تعلقات اب ماضی جیسے نہیں رہے۔ یہ معاہدہ بنیامین نیتن یاہو کی سیاست اور اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کے لیے ایک کاری ضرب ثابت ہوا ہے۔ اب جبکہ ساٹھ دنوں کے حتمی عمل کے بعد اس سمجھوتے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کر کے عالمی توثیق حاصل کی جائے گی، تو سلامتی کونسل اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کی مشترکہ نگرانی میں ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کو پرامن مقاصد تک محدود رکھا جائے گا اور معاشی پابندیوں کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔کہ جنگوں اور تنازعات سے کبھی بھی پائیدار نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے، اور یہی سبق اس تاریخ ساز معاہدے سے مرتب ہوتا ہے۔ ایران نے اکیلے ڈٹ کر اور مسلسل دباؤ کا مقابلہ کر کے اپنے بیس پچیس سالہ روکے گئے اقتصادی مقاصد حاصل کر لیے ہیں، جبکہ جنگی جنون میں مبتلا طاقتوں کو شدید مالی و سفارتی خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں طے پانے والا یہ امن معاہدہ خطے میں معاشی ترقی، پائیدار استحکام اور نئے سفارتی تعلقات کا ایک روشن باب کھولے گا، جس کے اثرات ان شاء اللہ آنے والی دہائیوں تک محسوس کیے جاتے رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.