تحریر: عباس مہد
صبح کے دھندلکے میں جب ایک عام محنت کش اپنے گھر سے نکلتا ہے، تو اس کی آنکھوں میں روٹی کا ایک ٹکڑا اور بچوں کی مسکراہٹ کا خواب ہوتا ہے۔ لیکن جیسے ہی وہ گلی کی نالیوں سے گزر کر مرکزی سڑک پر قدم رکھتا ہے، تو ریاست کا بے رحم معاشی اور انتظامی ڈھانچہ اس کا استقبال مہنگائی، ٹیکسوں اور بدعنوانی کے ایک نئے تازیانے سے کرتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں سے ایک عام شہری کی زندگی میں اس کے خوابوں، اس کی محنت اور اس کی عزتِ نفس کے اس مسلسل عمل کا آغاز ہوتا ہے جسے اگر ایک واحد لفظ میں بیان کیا جائے تو وہ ہے “نقصان”۔ ہمارے ملک میں حکومتیں آتی ہیں اور چلی جاتی ہیں، ایوانوں میں طاقت کی شطرنج پر نئے مہرے سجائے جاتے ہیں، زرق برق لباس پہنے حکمران معاشی استحکام اور ترقی کے بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں؛ لیکن ان تمام تر سرکاری خبروں، پریس کانفرنسوں اور بجٹ کی کتابوں کے پیچھے چھپی ہوئی حقیقی داستان صرف اور صرف اس ملک کے ہر طبقاتی شہری کے خون پسینے کے خسارے کی داستان ہے۔اگر ہم اس ملک کے زراعت کی ریڑھ کی ہڈی کہلانے والے کسان کی زندگی پر نظر ڈالیں، تو حکومت کے لائحہ عمل اور پالیسیوں کا سب سے پہلا اور بھیانک شکار وہی بنتا ہے۔ کسان جو سخت گرمی اور کڑکتی سردی میں زمین کا سینہ چیر کر قوم کا پیٹ بھرنے کے لیے اناج اگاتا ہے، فصل تیار ہونے پر اس کی محنت کا تاوان حکومت کی غلط پالیسیوں اور امپورٹ مافیا کی سازشوں کی صورت میں ادا کیا جاتا ہے۔ جب گندم، کپاس یا گنے کی فصل منڈی میں آتی ہے، تو حکومت یا تو سرکاری قیمت پر خریداری کا عمل روک دیتی ہے یا پھر مڈل مین اور مافیا کو کھلی چھوٹ دے دیتی ہے کہ وہ کسان کو سستے داموں فصل بیچنے پر مجبور کریں۔ کاد، بیج اور پیٹرول مہنگے داموں خرید کر فصل پالنے والا کسان جب اپنی محنت کے بعد خالی ہاتھ اور قرضے کے بوجھ تلے دب کر گھر لوٹتا ہے، تو اس کا یہ نقصان صرف اس کا ذاتی مالی خسارہ نہیں ہوتا، بلکہ یہ پوری ملکی زراعت کی موت کا پیغام ہوتا ہے۔ کسان حکومت کی ان پالیسیوں پر خون کے آنسو روتا ہے کہ جو ریاست اسے تحفظ دینے کی ضامن تھی، وہی اس کی تباہی پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔اسی طرح اگر ہم شہروں کی طرف رخ کریں اور ایک چھوٹے و بڑے بزنس مین یا صنعتی تاجر کا جائزہ لیں، تو اس کی زبان پر بھی حکومت کے رویے کا وہی ایک ہی نوحہ درج ہے یعنی مسلسل نقصان۔ ایک طرف جہاں بجلی اور گیس کے کمرشل نرخ اس قدر ناقابلِ برداشت ہو چکے ہیں کہ کارخانے اور دکانیں بند کرنے کی نوبت آ چکی ہے، تو دوسری طرف این او سی (NOC)، مختلف سرکاری محکموں کی رشوت خوری اور غیر منصفانہ ٹیکسیشن کے نظام نے تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ حکومت کے پاس صنعتوں کو فروغ دینے اور کاروبار کو آسان بنانے کا کوئی شفاف اور طویل المدتی منصوبہ موجود نہیں۔ جب روزانہ کی بنیاد پر پالیسیاں بدلتی ہیں، ڈالر کا ریٹ غیر مستحکم ہوتا ہے اور حکومتی ادارے تعاون کے بجائے تاجر کو نچوڑنے کا ذریعہ بن جاتے ہیں، تو بزنس مین اپنا سرمایہ ملک سے باہر منتقل کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ یہ وہ خسارہ ہے جو ملک میں روزگار کے مواقع ختم کر کے معیشت کو مزید اندھیروں کی طرف دھکیل رہا ہے۔اس تمام تر ابتر صورتحال میں سب سے زیادہ پسنے والا طبقہ وہ مزدور اور بھٹھے پر کام کرنے والا ہاری ہے جس کا کوئی پرسسانِ حال نہیں۔ بھٹھے پر اینٹیں تھاپنے والا مزدور، جو سخت ترین گرمی میں بھٹی کی تپش برداشت کر کے اینٹیں بناتا ہے، اس کی مزدوری کا معیار اور اس کے بچوں کی صحت و تعلیم کا خیال نہ تو بھٹہ مالکان کو ہوتا ہے اور نہ ہی حکومت کے محکمہ محنت (Labor Department) کو۔ حکومت نے جو کم سے کم اجرت کاغذات پر مقرر کر رکھی ہے، وہ کسی بھی جگہ عملی طور پر نافذ نہیں ہوتی۔ جب بیماری یا حادثے کی صورت میں کوئی مزدور کام کرنے کے قابل نہیں رہتا، تو ریاست اسے بے یارو مددگار چھوڑ دیتی ہے۔ ایک مزدور کی زندگی کا نقصان یہ ہے کہ وہ اپنی پوری عمر کی مشقت کے بعد بھی اپنے بچوں کو وہی بھٹہ، وہی غربت اور وہی نادیدہ معاشی غلامی کا طوق تحفے میں دینے پر مجبور ہوتا ہے، کیونکہ ریاست نے اس کے لیے بنیادی سہولیات اور تحرک کا کوئی راستہ ہی نہیں چھوڑا۔اور اگر ہم بات کریں کسی بڑی کمپنی کو چلانے والے سرمایہ کار کی، تو اس کی شکایات بھی کسی عام شہری سے کم نہیں۔ ایک بڑی کمپنی بنانے کے لیے کروڑوں اور اربوں روپے کا سرمایہ لگانے والا شخص حکومت سے صرف امن و امان، پالیسیوں کے تسلسل اور توانائی کی بلا تعطل فراہمی کی توقع رکھتا ہے۔ لیکن جب حکومتوں کی تبدیلی کے ساتھ پچھلے تمام معاہدے منسوخ کر دیے جاتے ہیں، جب عدالتی اور انتظامی نظام میں ایک فیصلے کے لیے سالہا سال انتظار کرنا پڑتا ہے، اور جب بیوروکریسی کے ریڈ ٹیپزم (Red Tapism) کی وجہ سے منصوبے التواء کا شکار ہوتے ہیں، تو بڑی کمپنیوں کا اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ نتائج کے طور پر غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کار اپنے پروجیکٹس کو روک دیتے ہیں، جس سے ملکی معیشت کا وہ نقصان ہوتا ہے جس کی تلافی پھر دہائیوں تک ممکن نہیں ہو پاتی۔حکومت اور ریاست کا اصل کام اپنے شہریوں کے حقوق، ان کے سرمائے اور ان کی محنت کی حفاظت کرنا ہوتا ہے۔ لیکن جب کسان سے لے کر بزنس مین تک، اور اینٹیں تھاپنے والے مزدور سے لے کر بڑی کمپنی کے مالکان تک، ہر طبقہ صرف حکومت کی نااہلی، کرپشن اور غیر متوقع پالیسیوں کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر “نقصان” اٹھانے پر مجبور ہو جائے، تو اس سے ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتا مکمل طور پر ٹوٹ جاتا ہے۔ اگر حکومت نے اب بھی ہر طبقے کی ان حقیقی شکایات کا ازالہ نہ کیا اور ایک شفاف، منصفانہ اور عوامی معاشی پالیسی نہ اپنائی، تو خسارے کا یہ جاری سلسلہ محض ایک مالی بحران نہیں رہے گا، بلکہ یہ ایک ایسے اجتماعی اور قومی سانحے کو جنم دے گا جس کی زد میں آ کر حکومتی ایوان خود بھی نہیں بچ سکیں گے!
