از قلم: طارق بلال لیل
کالم نگار ہڑپہ سے لاہور اور مظفر آباد تک کے اخبارات کیلیے کالم لکھتا ہے، وہ دفاتر جاتا ہے یا ای میل کرتا ہے۔ اس کے ہاتھ میں ایک کاغذ ہوتا ہے، اس کاغذ پر رات بھر کی جاگ ہوتی ہے۔ کالم نگار وہ کاغذ دیتا ہے، اگلے دن وہ چھپ جاتا ہے، ہزاروں لوگ پڑھتے ہیں، واہ واہ کرتے ہیں، لیکن کبھی کسی نے سوچا کہ اس قلم کی قیمت کیا ہے؟
آج ایک مزدور دن کا 1200 روپے لیتا ہے، ایک مستری 2000 لیتا ہے، ایک ٹک ٹاکر ایک ویڈیو کا 5000 لیتا ہے، لیکن ایک چھوٹے شہر کے کالم نگار کو اخبار کیا دیتا ہے؟ سچ بتاؤں تو اکثر اخبار کچھ بھی نہیں دیتا۔ بڑے ناموں کو تو پیسہ ملتا ہے، اسلام آباد لاہور کے بڑے کالم نگاروں کو معاوضہ ملتا ہے، لیکن تحصیل اور ضلع کے لکھنے والوں کو صرف ایک چیز ملتی ہے، اپنا نام اخبار میں چھپا ہوا دیکھنے کی خوشی۔
کیا یہ خوشی پیٹ بھرتی ہے؟ نہیں۔ رات کو جب بجلی کا بل آتا ہے، بچے کی فیس کا نوٹس آتا ہے، تو اخبار میں چھپا نام جیب سے پیسے نہیں نکالتا۔
پھر ہم کیوں لکھتے ہیں؟ کیونکہ قلم کی ایک مجبوری ہوتی ہے، وہ بولے بغیر رہ نہیں سکتا۔ جب ہم دیکھتے ہیں کہ ہڑپہ کے قبرستان پر قبضہ ہو رہا ہے، پل احمد بگھیلا میں سرکاری سکول کی دیوار گری ہوئی ہے، ساہیوال میں غریب کو انصاف نہیں مل رہا، تو ہم سے رہا نہیں جاتا، ہم لکھ دیتے ہیں۔
اخبار مالکان کہتے ہیں کہ جگہ نہیں ہے، اشتہار کم ہے، کاغذ مہنگا ہے۔ بات سچ بھی ہے۔ لیکن سوچیں، اگر آپ اخبار سے کالم نگار کو نکال دیں تو اخبار میں کیا رہ جائے گا؟ صرف اشتہار اور سرکاری خبریں۔ کالم ہی تو اخبار کی روح ہے۔ قارئین اخبار اس لیے خریدتے ہیں کہ فلاں کا کالم آج کیا لکھا ہے۔
ہمارا مطالبہ پیسے کا نہیں، عزت کا ہے۔ ایک چھوٹے شہر کے لکھاری کو کم از کم اتنا تو کہا جائے کہ آپ ہمارے ادارے کا حصہ ہیں۔ اس کا نام سال میں ایک بار کسی تقریب میں لے لیا جائے، اسے پریس کارڈ دے دیا جائے، اس کی تحریر کو ایڈٹ کر کے اس کا مطلب نہ بدلا جائے۔ اور اگر ہو سکے تو ماہانہ 5 ہزار، 10 ہزار ہی سہی، اعزازیہ دے دیا جائے تاکہ وہ اپنے بچے کو بتا سکے کہ بیٹا، باپ قلم سے بھی کماتا ہے۔
میں نے آج تک کالم سے ایک روپیہ نہیں کمایا، لیکن جو عزت ہڑپہ اور ساہیوال کے لوگوں نے دی ہے، وہ لاکھوں سے بڑی ہے۔ ایک بزرگ نے کہا، تمہارا کالم پڑھ کر میں نے اپنی بیٹی کو وراثت میں حصہ دیا، ایک نوجوان نے کہا، تمہارے کالم کے بعد میں نے نشہ چھوڑ دیا۔ یہی میری قیمت ہے۔
آخر میں تمام اخبار مالکان سے گزارش ہے، اپنے تحصیل کے لکھاری کو زندہ رکھیں۔ اگر یہ قلم خاموش ہو گئے تو سچ کون لکھے گا؟ ٹک ٹاکر تو ناچ کر چلا جائے گا، خبر تو جھوٹی بھی چل جائے گی، لیکن ایک سچے کالم نگار کا قلم ہی معاشرے کو جگا سکتا ہے۔ قلم کی قیمت نہ لگائیں، قلم کی قدر کریں۔
Prev Post
