لنگڑا گدھا اور شاہی اصطبل کا تاوان

0

تحریر: عباس مہد
ہمارے بستی کے پرانے بزرگ حکیم بخشو مرحا اکثر ایک عجیب تمثیلی کہانی سنایا کرتے تھے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پرانی ہونے کے بجائے مزید تازہ اور بصیرت افروز ہوتی جا رہی ہے۔ کہانی کچھ یوں ہے کہ ایک دور افتادہ، پسماندہ مگر خوبصورت وادی میں ایک امیرِ سی یعنی گاؤں کے نام نہاد سیانے سردار صاحب سرفراز ہوا کرتے تھے۔ سردار صاحب کو اپنی وجاہت، اپنے شاہانہ جلوس اور اپنے مشیروں کی فوجِ ظفر موج پر اتنا غرور تھا کہ وہ بستی کی بدحالی، خشک کنوؤں اور ٹوٹی سڑکوں کو بھی اپنی عظیم الشان حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دیا کرتے تھے۔ ایک دن سردار صاحب کے دل میں شوقِ فضول نے چٹکی لی کہ بستی کے تمام مسائل، کساد بازاری اور عوامی بدحالی کا خاتمہ کرنے کے لیے ایک “انقلابی و تاریخی پروجیکٹ” کا آغاز کیا جائے۔ طویل مشاورت اور درباریوں کے جمِ غفیر کی مسلسل داد و تحسین کے بعد یہ فیصلہ ہوا کہ سلطنت کے خزانے سے ایک ایسا برانڈڈ، فائیو سٹار اور جدید التحریک گدھا خریدا جائے جو نہ صرف بستی کی کایاکلپ کر دے گا بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک مثال بنے گا۔
سردار صاحب نے بستی والوں کو مرکزی چوک میں جمع کیا اور ایک طوفانی تقریر فرمائی کہ “اے بستی والو! تمہاری تمام محرومیوں کا دور ختم ہوا، اب یہ شاہی گدھا آئے گا جو بغیر خوراک کے چلے گا، سونے کے انڈے تو نہیں البتہ چاندی کی نالیں جھاڑے گا، اور تم سب کی غربت لمحوں میں کافور ہو جائے گی!” عوام نے حسبِ روایت تالیاں بجائیں، نعرے لگائے اور خوشی میں بھنگڑے ڈالے، حالانکہ کسی کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ایک عام سے گدھے میں ایسی کون سی آفاقی صلاحیتیں ہو سکتی ہیں جو صدیوں پرانی بدحالی کو نگل جائیں۔ خیر، پروجیکٹ کا افتتاح انتہائی دھوم دھام سے ہوا۔ فیتہ کاٹا گیا، مٹھائیاں بانٹی گئیں اور اخبارات کے فرنٹ پیج پر سردار صاحب کے مسکراتے ہوئے چہرے کے ساتھ اس تاریخی گدھے کی تصویر شائع ہوئی۔ لیکن اصل داستان تو اس پروجیکٹ کے آغاز کے بعد شروع ہوئی جو آج کے دور کے ہر عقل مند کے لیے سامانِ عبرت ہے۔اس شاہی گدھے کی خرید و فروخت کے لیے جو “شفاف کمیٹی” بنائی گئی، اس میں سردار صاحب کے خاص منظورِ نظر مصاحبین اور رشتہ دار شامل تھے۔ منڈی کے عام بازار میں جو گدھا چند ٹکے کا مل سکتا تھا، اس کا بل شاہی خزانے میں لاکھوں روپے بنا کر پیش کیا گیا۔ جب کسی منشی نے دھیمے لہجے میں یہ سوال اٹھانے کی جسارت کی کہ “حضور! یہ گدھا تو لنگڑا ہے اور اس کی پیٹھ پر زخم ہیں”، تو اسے فوراً “بستی دشمن” اور “ترقی کا مخالف” قرار دے کر دربار سے باہر پھینک دیا گیا۔ کمیٹی نے رپورٹ دی کہ یہ گدھے کا لنگڑا پن دراصل اس کی خصوصی چال کا حصہ ہے جو اسے دیگر عام گدھوں سے ممتاز بناتا ہے۔ یوں پہلے ہی مرحلے پر جس بڑے پیمانے پر “کمیشن اور نذرانے” کا تبادلہ ہوا، اس نے شاہی خزانے کو اس قدر نچوڑ دیا کہ بستی کے واحد سکول اور ہسپتال کی گرانٹ روکنی پڑی۔ مگر سردار صاحب ہر شام پریس کانفرنس کر کے یہی بتاتے رہے کہ پروجیکٹ سو فیصد کامیاب ہے اور بستی کی معیشت اب رن وے پر اڑان بھرنے کے لیے بالکل تیار ہے۔اب اس گدھے کے روزمرہ کے اخراجات کا ایک نیا عذاب بستی والوں پر مسلط کر دیا گیا۔ گدھے کے لیے جو چارہ آتا تھا، وہ بظاہر اٹلی اور فرانس کے بہترین سبزہ زاروں سے امپورٹ کیا جاتا تھا، لیکن حقیقت میں گدھے کے سامنے وہی بستی کی سوکھی گھاس اور باسی روٹیاں ڈالی جاتیں، جبکہ امپورٹڈ چارے کے تمام پیسے سردار کے وزراء اور مشیروں کی جیبوں میں منتقل ہو جاتے تھے۔ گدھے کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے خصوصی ایئر کنڈیشنڈ اصطبل بنایا گیا جس کا بجلی کا بل بستی کے غریب کسانوں اور مزدوروں پر “شاہی فنڈ ٹیکس” کی صورت میں لاگو کر دیا گیا۔ مزدور دن بھر اینٹیں تھاپتا، کسان سخت گرمی میں ہل چلاتا، اور شام کو جب وہ اپنے بچوں کے لیے سوکھی روٹی لے کر گھر لوٹتا تو پتہ چلتا کہ روٹی پر بھی گدھے کی دیکھ بھال کا نیا ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔ بستی والے حیران تھے کہ جس گدھے نے ان کا بار اٹھانا تھا، اب پورا گاؤں مل کر اس گدھے اور اس کے رکھوالوں کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔جب چند ماہ گزر گئے اور اس انقلابی گدھے سے بستی کو ایک ڈھیلے کا فائدہ بھی نہ ہوا، بلکہ الٹا بستی کے گلی کوچے گدھے کی لیڈ اور تعفن سے بھر گئے، تو بستی والوں نے دبی زبان میں احتجاج کرنا شروع کیا۔ سردار صاحب نے حالات کو قابو میں لانے کے لیے ایک نیا شوشہ چھوڑ دیا۔ انہوں نے ایک اور شاہی فرمان جاری کیا کہ “گدھا بالکل ٹھیک کام کر رہا ہے، دراصل بستی کے نالائق گوالے اور کسان اس جدید ٹیکنالوجی کو چلانے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے!” چنانچہ گدھے کی اصلاح اور اس کے نظام کو جدید بنانے کے لیے مزید تین نئی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، جن کے سربراہ پھر وہی سردار کے پیارے درباری تھے۔ نئے فنڈز جاری ہوئے، نئے ہیلی کاپٹر خریدے گئے تاکہ گدھے کی فضائی نگرانی کی جا سکے، اور یوں پروجیکٹ کا خسارہ بستی کی کل جی ڈی پی سے بھی تجاوز کر گیا۔اس تمام تر ڈرامے کے دوران بستی کی “روایتی اپوزیشن” کا کردار بھی انتہائی دلچسپ اور عبرت ناک رہا۔ اپوزیشن کے چوہدری اور نواب، جو پچھلے دور میں خود ایسا ہی ایک “شاہی تانگا” لا کر بستی کو لوٹ چکے تھے، چوک میں کھڑے ہو کر چیخ چیخ کر کہتے: “یہ گدھا لنگڑا ہے! اس سردار کو گدھا چلانا ہی نہیں آتا! اگر تم ہم کو اقتدار دو تو ہم اس سے بھی بڑا، دو سنگھوں والا اور تیز رفتار گدھا لائیں گے جو منٹوں میں تمہیں مریخ پر پہنچا دے گا!” بستی کی سادہ لوح عوام حیران تھی کہ پرانے لٹیرے نئے گدھے کا ماتم کر رہے تھے، لیکن کسی کے پاس بھی بستی کے حقیقی مسائل یعنی پانی، صحت، تعلیم اور روزگار کا کوئی حل موجود نہیں تھا۔ اپوزیشن کا مقصد صرف یہ تھا کہ کسی طرح اس گدھے کی باگ ڈور ان کے ہاتھ میں آ جائے تاکہ چارے کے امپورٹڈ بل میں سے ان کا حصہ بھی مقرر ہو سکے۔وقت گزرتا گیا اور امیرِ سی کا یہ گدھا بستی کی معیشت کے لیے ایک سفید ہاتھی سے بھی زیادہ مہلک ثابت ہوا۔ نہ تو وہ کوئی بوجھ اٹھاتا تھا، نہ وہ ایک قدم آگے چلتا تھا، البتہ جب بھی کوئی غریب کسان اس کے قریب سے گزرتا، وہ ایک زوردار دُلتی مار کر اس کی پسلیاں توڑ دیتا۔ اس کے باوجود، سردار صاحب کے ترجمان روزانہ شام کو رنگ برنگے چارٹس اور گراف لے کر آتے اور ثابت کرتے کہ اس گدھے کی موجودگی کی وجہ سے بستی میں اتنی ترقی ہوئی ہے کہ پڑوسی ملکوں کے لوگ بھی حسد کر رہے ہیں۔ اگر کوئی صحافی یا فکر مند شہری یہ پوچھنے کی غلطی کر بیٹھتا کہ “حضور! اس پروجیکٹ پر اب تک جو اربوں روپے بہائے گئے، اس کے نتائج کہاں ہیں؟” تو جواب ملتا کہ “تم منفی سوچ پھیلانے والے غدار ہو، گدھا جلد ہی دوڑنے والا ہے، بس ذرا اس کی اگلی قسط کا فنڈ منظور ہونے دو!”
آج اگر ہم اپنے گرد و پیش کا انتہائی باریک بینی اور غیر جانبدارانہ جائزہ لیں، تو ہمیں اندازہ ہوگا کہ وہ کہانی صرف کسی پرانی بستی کی نہیں تھی، بلکہ یہ ہمارے پورے تماش گاہِ نظام کا ایک چلتا پھرتا عکاس ہے۔ ہمارے ہاں دہائیوں سے ایسے ہی “امیرِ سی کے گدھے” جیسے اربوں اور کھربوں کے پروجیکٹس کا غلغلہ بلند کیا جاتا ہے۔ کبھی کسی ناکام معاشی پالیسی کو انقلاب کا نام دے کر عوام پر مسلط کیا جاتا ہے، تو کبھی غیر ملکی قرضوں کی دلدل میں گھسیٹ کر شاہی منصوبے شروع کیے جاتے ہیں جن کا عملی فائدہ عوام کو صفر اور شاہی بیوروکریسی و مافیا کو اربوں کا ہوتا ہے۔ نچلے طبقے کی کھال ادھیڑ کر ٹیکس وصول کیے جاتے ہیں تاکہ اوپر والے طبقے کی مراعات، شاہی اصطبلوں اور جدید گاڑیوں کا پیٹرول چلتا رہے۔
ہماری حکومتوں کی سب سے بڑی خامیو ں میں سے ایک خامیاں یہ ہیں کہ وہ عوامی مسائل کے پائیدار حل کے بجائے ڈرامائی نمائش اور کاسمیٹک منصوبوں پر یقین رکھتی ہیں۔ سکولوں میں استاد نہیں، ہسپتالوں میں دوائیاں نہیں، عدالتوں میں انصاف نہیں، لیکن نئے نئے رنگ برنگے پروجیکٹس کا فیتہ کاٹنے کی ہوس ہر دور کے حکمرانوں کی ترجیحِ اول رہی ہے۔ رشتے داریوں، برادری ازم اور سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر ناہل ترین افراد کو اعلیٰ عہدوں پر بٹھا دیا جاتا ہے، اور جب وہ پروجیکٹ ناکام ہوتا ہے تو اس کا ملبہ پچھلی حکومتوں یا عوام کی ناہلی پر ڈال کر نئے قرضے کا کشکول اٹھا لیا جاتا ہے۔ دوسری طرف اپوزیشن کا حال یہ ہے کہ وہ عوامی زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے صرف اس انتظار میں گھات لگائے بیٹھی رہتی ہے کہ کب یہ شاہی گدھا ٹھوکر کھائے اور وہ اقتدار کے ایوانوں میں داخل ہو کر اپنا چارہ سمیٹ سکیں۔
جب تک عوام “امیرِ سی” کے ان لفاظی ڈراموں اور شاندار تکنیکی گدھوں کے فریب سے باہر نہیں نکلیں گے، تب تک ان کی تقدیر کا فیصلہ یونہی شاہی اصطبلوں میں ہوتا رہے گا۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ حقیقی ترقی لنگڑے گدھوں پر سونے کی زینیں کسنے سے نہیں آتی، بلکہ سچائی، عدل، شفافیت اور عوامی فلاح پر مبنی پالیسیوں سے آتی ہے۔ اگر اب بھی ہم نے ان نمائشی پروجیکٹس اور سیاسی شطرنج کے مہروں کا احتساب نہ کیا، تو یاد رکھیں کہ یہ شاہی گدھا یونہی دن رات چارہ کھاتا رہے گا، اور بستی کا ہر شہری اس کا بوجھ اٹھاتے اٹھاتے ایک دن خود راکھ کی ڈھیر بن جائے گا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم تماشائی بننے کے بجائے اس نظامِ باطل سے سوال کریں اور ان تمام لنگڑے پروجیکٹس کو سمندر میں برد کر کے ایک حقیقی، منصفانہ اور شفاف معاشرے کی بنیاد رکھیں!

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.