ایک طرف بھوک و افلاس، دوسری جانب لاکھوں گندم کی بوریاں خراب , بلوچستان کا المیہ

0

کالم میروائس مشوانی
“غربت خیرات سے نہیں بلکہ انصاف سے ختم ہوتی ہے” — یہ قول آج بلوچستان کے حالات پر پوری طرح صادق آتا ہے۔ بدقسمتی سے ہم نے ہمیشہ غربت کے مسئلے کو وقتی امداد اور خیراتی پیکجز کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی، مگر اس طرزِ عمل نے غربت کو کم کرنے کے بجائے معاشرے کو خیرات کا عادی بنا دیا۔ حالیہ رمضان پیکج بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی محسوس ہوتا ہے جہاں وقتی ریلیف تو فراہم کیا جاتا ہے، لیکن پائیدار معاشی اصلاحات پر سنجیدہ پیش رفت نظر نہیں آتی۔
بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ریکوڈک اور سیندک جیسے منصوبے سونا اور تانبا فراہم کرتے ہیں، سوئی گیس کے ذخائر دہائیوں سے ملکی صنعتوں کا پہیہ چلا رہے ہیں، جبکہ ساحلی شہر گوادر عالمی تجارت کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے اور پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ افغانستان اور ایران سے ملحقہ سرحدیں بھی بلوچستان کو خطے کی تجارت کا مرکز بنا سکتی ہیں، مگر بارڈر بندشوں اور بدامنی کے باعث مقامی آبادی شدید معاشی مشکلات کا شکار رہتی ہے اور کئی خاندان نانِ شبینہ کے محتاج ہو جاتے ہیں۔
وسائل کی فراوانی کے باوجود بلوچستان میں غربت کی شرح ملک کے دیگر صوبوں سے زیادہ ہے۔ بعض رپورٹس کے مطابق یہاں غربت کی سطح دیگر صوبوں سے دگنی ہے، جو کئی ترقی پذیر ممالک، خصوصاً سب صحارا افریقہ کے بعض خطوں سے بھی زیادہ بتائی جاتی ہے۔ یہ صورتحال اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم، شفاف حکمرانی اور مؤثر منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔ حال ہی میں لاکھوں گندم کی بوریوں کے خراب ہونے کا انکشاف بھی ایک سنگین سوال کھڑا کرتا ہے۔ ایک طرف عوام بھوک اور افلاس سے دوچار ہیں جبکہ دوسری جانب خوراک کا اس پیمانے پر ضیاع بدانتظامی اور ممکنہ کرپشن کی عکاسی کرتا ہے، جس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین کی اشد ضرورت ہے۔
دنیا کے بڑے ممالک نے غربت کے خاتمے کے لیے خیرات کے بجائے تعلیم، فنی تربیت، روزگار کے مواقع اور صنعتی ترقی پر سرمایہ کاری کی۔ اگر بلوچستان میں بھی معدنی وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی کو مقامی آبادی کی تعلیم، ہنر مندی، صحت اور کاروباری مواقع پر صرف کیا جائے تو حالات بدل سکتے ہیں۔ گوادر اور دیگر اقتصادی منصوبوں میں مقامی نوجوانوں کو ترجیح دینا، سرحدی تجارت کو قانونی دائرے میں لانا اور شفاف احتسابی نظام قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جب تک انصاف، شفافیت اور پائیدار منصوبہ بندی کو ترجیح نہیں دی جائے گی، غربت کا مسئلہ جوں کا توں رہے گا۔ بلوچستان کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب اس کی سرزمین کی دولت کا فائدہ سب سے پہلے اس کے عوام تک پہنچے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.