اساتذہ کی گمشدگی اور اداروں کی لاپرواہی

0

شاہین بارانزائی

آج سے چار دن قبل یعنی 12 مئی کے روز گوادر سے آتے ہوئے گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر پروفیسر سید منظور احمد، پروفیسر ارشاد احمد اور ان کا ڈرائیور (یہاں ایک اور افسوسناک بات بتاتا چلوں کہ اب تک کی جتنی رپورٹس، مذمتی بیانات، بازیابی کے لیے مطالبے آئے ہیں ان میں ڈرائیور کا نام ظاہر نہیں ہو پا رہا ہے ہمارے اجتماعی رویے سے ایسا لگ رہا ہے کہ انسان ہونے کے لیے سرکاری سسٹم کی طرح گزیٹڈ یعنی کم از کم 16 گریڈ کا افسر ہونا لازمی ہے، پھر اس کا نام لیا جائے گا، لہذا میں بھی صرف ڈرائیور لکھنے پر اکتفا کر رہا ہوں) منگچر اور کھڈکوچہ کے درمیان بِدرنگ کے مقام سے اپنی گاڑی سمیت پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ہیں جو تاحال ان کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات میسر نہیں۔
ایک افسوسناک واقع تو ان اشخاص کی پراسرار طور پر گمشدگی ہے اور دوسرا اس سے بھی بڑا افسوسناک واقع حکومتی اداروں کی مجرمانہ غفلت اور خاموشی ہے۔
ویسے تو مشاہدے میں آیا ہے کہ ملکی اینٹلی جنس ادارے بہت فعال و متحرک ہیں۔ اتنا متحرک کہ کسی گھر میں اگر میاں بیوی کی لڑائی ہو ان میں سے کسی ایک نے دوسرے کو ڈرا دھمکا کر خاموش کرنے کے لیے صرف اتنا کہہ دے کہ میں بی وائی سی سے مل کر تمہارے خلاف احتجاج کروں گا یا کروں گی تو چند گھنٹوں میں پکڑا جائے گا کہ اس تعلق بی وائی سی سے ہے اور یہ “را” کا ایجنٹ ہے فلان فلان۔ مگر یہاں یہی تیز و طرار اینٹلی جنس ادارے پتہ نہیں کیوں خاموشی کو عین عبادت سمجھا ہے؟ یا انتہا نااہل و نالائق ثابت ہوئے ہیں
چار جیتے جاگتے افراد اور ایک چلتی پھرتی گاڑی کو زمین کھا سکتی ہے نہ آسمان لے جا سکتا ہے۔ وہ خود کہیں چلے جائیں یا کوئی انہیں لے جائے ہوں گے تو ضرور اسی زمین پر۔
ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کہاں ہے حکومت؟ کہاں ہے ہیں حکومتی ادارے؟ کہاں ہیں عوام کی جان و مال کی حفاظت کے دعوے؟ اور کہاں ہے وہ فعال و متحرک اینٹلی جنس سسٹم؟ جو شریف شہریوں کی زندگیاں تو اجیرن بنا رکھی ہے مگر ان کی جان کی حفاظت میں مکمل طور پر ناکام ہے۔
اس دوران بلوچستان اسمبلی کا جو سیشن جاری ہے اجلاس میں روایتی مذمت کی گئی، بس حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی اسی روایتی مذمت کو فرض کفایہ سمجھ کر عملی اقدامات کی کوئی زحمت نہیں کی۔
ایک افسوسناک امر یہ بھی ہے کہ کہاں ہیں وہ اساتذہ تنظیمیں؟ کہاں ہے وہ بی پی ایل اے، شی پی ایل اے؟ کہاں ہیں وہ یونیورسٹیز کے اساتذہ؟ اور خاص طور پر کہاں ہیں بلوچستان یونیورسٹی کے وہ اساتذہ؟ جو تنخواہوں کی عدم دستیابی پر سڑک پر کھڑے ہوکر بھیک مانگنے کے تو شرمناک احتجاج کر سکتے ہیں مگر اپنے ہی پیشے سے وابستہ افراد کی جانوں کی باحفاظت واپسی کے لیے احتجاج سے قاصر ہیں۔
چلے ٹھیک ہے باقی سارے نیند کے خرّاٹے لے کر سوجائیں۔ حکومت اور حکومتی اداروں سے تو پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اساتذہ کرام کی زندگیوں کو لاحق خطرات سے بچانے اور ان کے اہل خانوں کو اس قیامت خیز اذیتوں سے نجات دلانے کے لیے لاپتہ اساتذہ اور ان کے ڈرائیور کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.