بٹ کوائن کیلئے خطرے کی گھنٹی؟ ماہرین نے سرمایہ کاروں کو بڑے خطرات سے آگاہ کر دیا

0

کراچی (زیبائے پاکستان)بٹ کوائن کی قیمتوں میں حالیہ بہتری کے باوجود مارکیٹ کے خدشات برقرار ہیں۔ معروف تجزیاتی ادارے گلاس نوڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اگرچہ بٹ کوائن اس وقت ڈیپ ویلیو زون میں ٹریڈ کر رہا ہے لیکن ابھی مارکیٹ میں مضبوط بحالی کے آثار نمایاں نہیں ہوئے اور قیمت مزید گر کر 53 ہزار ڈالر تک بھی پہنچ سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بٹ کوائن کی قیمت تقریباً 57 ہزار 800 ڈالر سے بڑھ کر 63 ہزار ڈالر کے قریب پہنچ گئی تاہم یہ اب بھی ٹرو مارکیٹ مین یعنی 76 ہزار 600 ڈالر اور شارٹ ٹرم ہولڈرز کی اوسط خریداری قیمت 72 ہزار 200 ڈالر سے نیچے موجود ہے۔ اسی وجہ سے تجزیہ کار موجودہ صورتحال کو ڈیپ ویلیو مرحلہ قرار دے رہے ہیں۔

گلاس نوڈ کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن گزشتہ تقریباً پانچ ماہ سے ان دونوں اہم سطحوں کے نیچے ٹریڈ کر رہا ہے جو اس کی تاریخ کے طویل ترین ادوار میں سے ایک ہے۔ماضی میں ایسی صورتحال اکثر مارکیٹ کے نچلے مرحلے کی نشاندہی کرتی رہی ہے کیونکہ اسی دوران سرمایہ کار کم قیمت پر خریداری کرتے ہیں تاہم رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ قیمت مزید گر کر تقریباً 53 ہزار ڈالر کی ریئلائزڈ پرائس تک بھی جا سکتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت مارکیٹ پر فروخت کا سب سے زیادہ دباؤ لانگ ٹرم ہولڈرز کی جانب سے آ رہا ہے۔ فروری کے آغاز سے اب تک نقصان پر فروخت ہونے والی سرمایہ کاری میں انکا حصہ 15فیصد سے بڑھ کر 43فیصد تک پہنچ چکا ہے۔یہ زیادہ تر وہ سرمایہ کار ہیں جنہوں نے بٹ کوائن کو مارکیٹ کی بلند ترین سطحوں پر خریدا تھا اور کئی ماہ تک خسارہ برداشت کرنے کے بعد اب اپنی ہولڈنگ فروخت کر رہے ہیں۔

گلاس نوڈ کے مطابق لانگ ٹرم ہولڈرز کی مسلسل فروخت بٹ کوائن کو موجودہ ٹریڈنگ رینج کی بالائی سطح پر واپس جانے سے روک رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 30 روزہ اوسط کے حساب سے ان سرمایہ کاروں کے ریئلائزڈ نقصانات حال ہی میں تقریباً 280 ملین ڈالر یومیہ تک پہنچ گئے جو دسمبر 202 کے بعد سب سے زیادہ ہیں۔یہ موجودہ بیئر مارکیٹ کے دوران نقصانات کی دوسری بڑی لہر بھی قرار دی جا رہی ہے۔

تجزیاتی ادارے نے مزید کہا کہ گزشتہ مرتبہ کے برعکس اس بار فروخت کا دباؤ اب تک کم نہیں ہوا۔ گلاس نوڈ کے مطابق جب تک لانگ ٹرم ہولڈرز کی جانب سے فروخت اور نقصانات میں نمایاں کمی نہیں آتی اس وقت تک بٹ کوائن مارکیٹ میں مضبوط تیزی یا نئے بلش ٹرینڈ کی واپسی کی تصدیق کرنا قبل از وقت ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.