چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا ہری پور اور ایبٹ آباد میں بی آئی ایس پی دفاتر کا دورہ، خواتین بینیفشریز کو نئے ڈیجیٹل والٹ نظام سے آگاہ کیا
ہری پور(زیبائے پاکستان)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج ہری پور اور ایبٹ آباد میں بی آئی ایس پی دفاتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین بینیفشریز سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مستحق خواتین کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کیا جائے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ ایڈووکیٹ اور دیگر خواتین رہنما بھی چیئرپرسن کے ہمراہ موجود تھیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین بینیفشریز کو حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے ڈیجیٹل والٹ نظام، مفت بینظیر سم، والٹ ایکٹیویشن اور ادائیگی کے جدید طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
انہوں نے خواتین بینفشریز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے ڈیجیٹل والٹ نظام کے تحت مستحق خواتین کی مالی معاونت کی رقم براہِ راست ان کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی، جس کی اطلاع انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہوگی۔ یہ رقم ان کے ڈیجیٹل والٹ میں محفوظ رہے گی اور وہ اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت قریبی مجاز ریٹیلر سے رقم وصول کر سکیں گی۔ رقم نکلوانے کے بعد بھی مستحق خواتین کو ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں نکلوائی گئی رقم کی مکمل تفصیلات درج ہوں گی تاکہ ادائیگی کا عمل مکمل طور پر شفاف رہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خواتین کو ہدایت کی کہ مفت بینظیر سم صرف بی آئی ایس پی دفاتر سے حاصل کریں۔ سم کے حصول کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ اور اپنا ذاتی موبائل فون ساتھ لانا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رقم وصول کرتے وقت خواتین اپنا موبائل فون کسی ایجنٹ یا ریٹیلر کے حوالے نہ کریں تاکہ ان کی ذاتی معلومات اور مالی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مزید بتایا کہ نئے انٹرآپریبلٹی نظام کے نفاذ کے بعد مستحق خواتین پاکستان کے کسی بھی شہر میں، کسی بھی وقت، کسی بھی مجاز پارٹنر بینک کے ریٹیلر سے اپنی امدادی رقم باآسانی، محفوظ طریقے اور مکمل سہولت کے ساتھ وصول کر سکیں گی۔
ایبٹ آباد دورے کے موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خواتین کو تاکید کی کہ وہ اپنی سم کی حفاظت کریں، امدادی رقم وصول کرتے وقت کسی بھی قسم کی غیر قانونی کٹوتی ہرگز قبول نہ کریں اور اگر کسی مقام پر کٹوتی کی جائے تو فوری طور پر بی آئی ایس پی کے متعلقہ دفتر یا شکایات کے نظام کے ذریعے اطلاع دیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
دورے کے اختتام پر سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ مستحق خواتین کو بہترین ممکنہ سہولیات اور مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ انہیں اپنی مالی معاونت کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
