غیر قانونی انٹرنیٹ کا استعمال کرنا مہنگا پڑ سکتا ہے! پی ٹی اے نے خبردار کر دیا

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور میں غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو غیر مجاز نیٹ ورک بے نقاب کر دئیے۔ کارروائی کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ بڑی مقدار میں ٹیلی کام آلات بھی تحویل میں لے لیے گئے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے لاہور زونل آفس نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کارپوریٹ کرائم سرکل (سی سی سی) لاہور کے تعاون سے شہر میں غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔ اس دوران جاوید کالونی، غازی روڈ پر قائم ایم/ایس چھابڑیا انٹرنیٹ سروس (انٹرنیٹ، کیبل اینڈ وائرلیس سروس پرووائیڈر) اور ایم/ایس برادر کیبل نیٹ پر کامیاب چھاپے مارے گئے۔

کارروائی کے دوران دونوں مقامات پر پی ٹی اے کا باقاعدہ لائسنس حاصل کیے بغیر غیر قانونی طور پر انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کا نظام چلایا جا رہا تھا۔حکام نے دونوں مراکز سے دو افراد کو گرفتار کرلیا جن میں ایک سیٹ اپ کا مالک بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ٹیلی کام آلات بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

پی ٹی اے کے مطابق غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف یہ کامیاب کارروائیاں ادارے کی مسلسل نگرانی، مؤثر حکمت عملی اور قانون پر سختی سے عمل درآمد کے عزم کا نتیجہ ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد ٹیکس چوری، آمدن کم ظاہر کرنے جیسے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام اور قومی خزانے کو ہونے والے نقصان سے بچانا ہے۔

پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف پی ٹی اے سے لائسنس یافتہ کمپنیوں کی ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سروسز ہی استعمال کریں تاکہ کسی بھی وقت سروس کی اچانک بندش یا دیگر مسائل سے محفوظ رہ سکیں۔ ادارے کے مطابق لائسنس یافتہ آپریٹرز کی مکمل فہرست پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.