
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت مرکزی قیادت اور معصوم شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے
اسرائیل عرصہ دراز سے مسلم دنیا پر ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور عالمی ادارے اسے روکنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں
عالمی برادری نے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے تو یہ آگ مزید پھیل سکتی ہے اور دنیا کسی بڑے تصادم کی طرف بڑھ سکتی ہے جس کے نتائج پوری انسانیت کو بھگتنا پڑیں گے
مسلم ممالک باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں،یہی وقت ہے کہ مشترکہ موقف کے ذریعے اپنے مفادات اور مقدس مقامات کا دفاع کیا جائے
پاکستان کو کمزور سمجھنے والے کسی خوش فہمی میں نہ رہیں، وطن عزیز کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو ایسا جواب دیا جائے گا جو دشمن کو طویل عرصے تک یاد رہے گا
افغانستان کی سرزمین اور وہاں موجود بعض عناصر کو استعمال کر کے پاکستان پر جنگ مسلط کرکے کمزور کرنے کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا
پاکستان ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا اور اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا، چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق
اسلام آباد ( زیبائے پاکستان) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ہمسایہ اسلامی ملک ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت مرکزی قیادت اور معصوم شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ یہ حملے نہ صرف ایران کی خودمختاری پر کاری ضرب ہیں بلکہ پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں۔ایران کی مرکزی قیادت اور معصوم لوگوں کی شہادت پرہر پاکستانی اشکبار ہے، حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل عرصہ دراز سے مسلم دنیا پر ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور عالمی ادارے اسے روکنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کی خاموشی ذو معنی اور لمحہ فکریہ ہے۔ اگر عالمی برادری نے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے تو یہ آگ مزید پھیل سکتی ہے اور دنیا کسی بڑے تصادم کی طرف بڑھ سکتی ہے جس کے نتائج پوری انسانیت کو بھگتنا پڑیں گے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ایران پر حملہ دراصل امتِ مسلمہ پر حملہ ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان اور او آئی سی کو ہنگامی بنیادوں پر مشترکہ حکمتِ عملی اور سفارت کاری کے ذریعے ایران پر مسلط کی گئی اس جنگ کے خاتمے اور دیرپا امن کے لئے نہایت ضروری حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی تاکہ مسلم ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مسلم دنیا پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے کیونکہ یہی وقت ہے کہ مشترکہ موقف کے ذریعے اپنے مفادات اور مقدس مقامات کا دفاع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان کو کمزور سمجھنے والے کسی خوش فہمی میں نہ رہیں۔ اگر وطنِ عزیز کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو ایسا جواب دیا جائے گا جو دشمن کو طویل عرصے تک یاد رہے گا۔ پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لیے مختلف سازشیں کی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں افغانستان کی سرزمین اور وہاں موجود بعض عناصر کو استعمال کر کے پاکستان پر جنگ مسلط کرکے کمزور کرنے کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس مشکل گھڑی میں اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے خلاف ہونے والی ہر جارحیت کی مذمت کرتی ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ اگر جارحیت اور طاقت کے استعمال کا سلسلہ نہ رکا تو اس کے اثرات پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔
