بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نئے ادائیگی نظام کے تحت چھ بینکوں کے ذریعے پہلی ادائیگی کا اجراء; سینیٹر روبینہ خالد کی گورنر سٹیٹ بینک سے خصوصی ملاقات، ڈیجیٹل بینکنگ نظام کی سرپرستی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا

0

​اسلام آباد (زیبائے پاکستان)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نیا ادائیگی نظام فعال۔اب خواتین پورے ملک میں کسی بھی وقت، کسی بھی جگہ اور کسی بھی بینک سے اپنی رقم حاصل کر سکتی ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اپنے نئے انٹرآپریبلٹی ادائیگی نظام کے تحت چھ شراکت دار بینکوں کے ذریعے مستحق خواتین کو پہلی قسط کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اہم پیش رفت کے موقع پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سے خصوصی ملاقات کی، جس میں نئے نظام کے مؤثر نفاذ اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس نظام کو کامیاب بنانے کے لئے تعاون کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا ۔ ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر عصمت نواز بھی شریک تھے۔

​نئے انٹرآپریبلٹی نظام کے تحت چھ بینکوں (حبیب بینک لمیٹڈ، HBL مائیکروفنانس بینک
​ایزی پیسہ، جیز کیش ، ​بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب) کی شمولیت سے اب مستحق خاندانوں کو اپنی مالی امداد کے حصول کے لیے کسی ایک ادارے تک محدود رہنے کے بجائے متعدد بینکنگ ذرائع میسر آ گئے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام حکام کے مطابق آج سے شروع ہونے والی پہلی قسط کی تقسیم کا یہ عمل ادائیگیوں کے نظام میں شفافیت لانے، قطاروں اور کٹوتیوں کے خاتمے اور مستحقین کو باعزت طریقے سے رقوم کی منتقلی یقینی بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

​ملاقات کے دوران چئیر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے اس نظام کی تشکیل اور چھ بینکنگ پارٹنرز کو اس نیٹ ورک کا حصہ بنانے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سرپرستی اور کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرآپریبلٹی کے نفاذ سے مستحق خواتین کو اپنی سہولت اور انتخاب کے مطابق رقم وصول کرنے کی آزادی ملے گی، جس سے نہ صرف خدمات کا معیار بہتر ہوگا بلکہ ملک میں مالی شمولیت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

​چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستحق خواتین کی فلاح و بہبود اور مالی خودمختاری حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے اسٹیٹ بینک اور تمام شراکت دار مالیاتی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ و تعاون جاری رکھا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.