کوئٹہ (زیبائے پاکستان)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے بلوچستان میں تجارتی سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق نئے کور کمانڈر کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے کور کمانڈر کی تعیناتی اور ان کی جانب سے صوبے میں تجارت و کاروبار کے فروغ کے عزم کا اظہار بلوچستان کے لیے ایک نیک شگون ہے۔ اس بیان سے تاجر برادری، کاروباری حلقوں اور عوام میں امید کی نئی فضا پیدا ہوئی ہے کہ صوبے میں تجارتی سرگرمیوں کی بحالی، معاشی استحکام اور روزگار کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ کئی عرصے سے تجارتی سرگرمیاں مختلف رکاوٹوں اور مشکلات کا شکار ہیں، جس کے باعث نہ صرف تاجر برادری اور کاروباری طبقہ متاثر ہوا ہے بلکہ ہزاروں خاندانوں کے روزگار اور معاشی حالات پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔تجارت کے محدود مواقع، کاروباری مشکلات اور معاشی سرگرمیوں میں کمی نے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔سید امان شاہ نے کہا کہ نئے کور کمانڈر کی جانب سے تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کو اہمیت دینا ایک مثبت پیش رفت ہے۔ عوام پاکستان پارٹی اس مؤقف کی مکمل حمایت کرتی ہے اور امید رکھتی ہے کہ اس حوالے سے محض اعلانات تک محدود رہنے کے بجائے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ بلوچستان میں تجارت کے راستے کھلیں، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے اور مقامی لوگوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، جغرافیائی اہمیت اور تجارتی امکانات کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کا حامل صوبہ ہے، لیکن ان امکانات سے بھرپور استفادے کے لیے ضروری ہے کہ تجارت اور کاروبار سے وابستہ تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور تاجروں کو محفوظ، آسان اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔سید امان شاہ نے امید ظاہر کی کہ نئے کور کمانڈر بلوچستان کے دیرینہ تجارتی و معاشی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکومتی اداروں، تاجر برادری اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مؤثر کردار ادا کریں گے۔
