بیورو آف کاریکولم میں مبینہ بے قاعدگیوں کا نوٹس لیا جائے۔ پروفیسر حلیم صادق

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور شال پبلشرز گروپ کے سی سی او پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ بیورو آف کاریکولم کی مبینہ بے قاعدگیوں اور غیر ضروری رکاوٹوں کے باعث آئندہ تعلیمی سال کے لیے درسی کتب کی اشاعت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس سے نہ صرف پبلشرز بلکہ تعلیمی اداروں اور طلبہ کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بیورو آف کاریکولم میں پبلشرز کے لیے ایک ایسا نظام قائم کردیا گیا ہے جہاں مبینہ طور پر مختلف حیلے بہانوں سے مالی مطالبات کیے جاتے ہیں اور غیر ضروری اعتراضات کے ذریعے پبلشرز کو پریشان کیا جارہا ہے۔ شال پبلشرز گروپ کی راہ میں بھی دانستہ رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں اور ایسے ویوورز تعینات کیے گئے ہیں جو بلاجواز اعتراضات لگا کر گروپ کو عمل سے باہر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتہائی بھاری معاوضے ادا کرنے اور پانچ ماہ کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود شال پبلشرز کو تاحال ایک این او سی بھی جاری نہیں کیا گیا، جس کی ذمہ داری متعلقہ بیورو کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ پی آر سی اور سلیکٹ کے سلسلے میں 2023ء کے بجائے 2026ء کا کاریکولم لانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور اس بنیاد پر مزید رقوم طلب کی جارہی ہیں، جو پبلشرز کے ساتھ ناانصافی اور غیر ضروری مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ درسی کتب کی بروقت اشاعت ایک اہم تعلیمی ذمہ داری ہے، اس عمل میں ذاتی پسند و ناپسند، غیر ضروری اعتراضات اور مبینہ مالی مطالبات کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کرائیں، پبلشرز کو درپیش مشکلات کا ازالہ کریں اور بیورو آف کاریکولم میں مبینہ بے قاعدگیوں کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرکے پبلشرز کو غیر ضروری رکاوٹوں اور مبینہ استحصال سے نجات دلائیں تاکہ آئندہ تعلیمی سال کے لیے درسی کتب کی اشاعت بروقت ممکن ہوسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.