چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی انٹرنیشنل کانفرنس آن انکلوسِو اینڈ ریزیلینٹ اکنامک امپاورمنٹ اینڈ گروتھ 2026 میں شرکت؛ مستحق افراد کیلئے سکل ڈویلپمنٹ، روزگار کے مواقعوں اور ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کی اہمیت پر زور
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے انٹرنیشنل کانفرنس آن انکلوسِو اینڈ ریزیلینٹ اکنامک امپاورمنٹ اینڈ گروتھ 2026 میں پینلسٹ کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس کانفرنس کا اہتمام پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن اینڈ سوشل سیفٹی فنڈ (پی پی اے ایف) نے وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، پیغامِ پاکستان اور اسلامک سینٹر آف ایکسیلنس فار نیشن کوہیژن اینڈ آؤٹ ریچ کے اشتراک سے کیا۔
کانفرنس میں سماجی تحفظ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، معاشی خودمختاری اور جامع انسانی ترقی میں ہم آہنگی کے موضوع پر ہونے والی نشست کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کے افراد کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے بی آئی ایس پی کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت افراد کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سکھانے اور روزگار کے مواقعوں سے منسلک کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ وہ اپنے لیے آمدن کے پائیدار ذرائع پیدا کر سکیں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے جامع ترقی کے فروغ، معاشی مواقع میں اضافے اور معاشرے کے محروم طبقات کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سرکاری اداروں اورپارٹنرز کے درمیان مؤثر رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے بی آئی ایس پی کی خواتین بینیفشریز کے لیے ڈیجیٹل والٹ نظام کے آغاز کو بھی ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام مالیاتی سہولیات تک رسائی آسان بنانے اور مالی امداد کی ادائیگیوں میں شفافیت بڑھانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔
وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن اینڈ سوشل سیفٹی فنڈ (پی پی اے ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بریچ نے بھی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کانفرنس میں دیگر پینلسٹس میں صحافی سید طلعت حسین، رورل سپورٹ پروگرامز نیٹ ورک (آر ایس پی این) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر شاندانہ خان، سینٹر فار ایویلیوایشن اینڈ ڈیولپمنٹ (C4ED) کی ریسرچ ڈائریکٹر ڈاکٹر عتیقہ پاشا، رورل ڈیولپمنٹ اسپیشلسٹ اور آئی ایف اے ڈی کے لیڈ پراجیکٹ اکنامک اینڈ فنانشل اینالسٹ غلام نبی مری، اور نومیڈ گیلری کی بانی نگین حیات شامل تھیں۔
کانفرنس کے اختتام پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔
