
تحریر محمد شاہ دوتانی (کوئٹہ)
بلوچستان میں بجٹ کی آمد ابھی ہوئی نہیں، لیکن سیاسی ماحول بدلنا شروع ہوگیا ہے۔ چند ماہ پہلے تک جو اراکین اسمبلی وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے خلاف کھل کر بول رہے تھے، میڈیا میں شکایات کررہے تھے اور پارٹی قیادت کے سامنے تحفظات رکھ رہے تھے، آج وہی اراکین وزیراعلیٰ کے اعزاز میں ہونے والے عشائیوں میں پیش پیش نظر آرہے ہیں۔ کہیں ملاقاتیں ہورہی ہیں، کہیں تحائف پیش کیے جارہے ہیں، اور کہیں قربتیں بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں، بلوچستان کی سیاست میں یہ منظر نیا نہیں یہاں بجٹ قریب آتے ہی اختلافات کی شدت کم اور مفادات کی سیاست تیز ہوجاتی ہے۔ ناراض اراکین اچانک خاموش ہوجاتے ہیں، سخت بیانات نرم پڑجاتے ہیں، اور اصولی مؤقف ترقیاتی فنڈز کے بوجھ تلے دب جاتا ہے۔ وجہ بھی سب جانتے ہیں: ہر رکن اپنے حلقے کے لیے زیادہ سے زیادہ اسکیمات اور فنڈز چاہتا ہے، چاہے اس کے لیے کل کے تمام شکوے بھلانے پڑیں، افسوس یہ ہے کہ عوام کے مسائل پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔ بلوچستان آج بھی پانی، سڑک، اسپتال، تعلیم اور روزگار جیسے بنیادی مسائل سے دوچار ہے، مگر ایوانوں میں اصل توجہ اس بات پر رہتی ہے کہ کس کو کتنی اسکیم ملے گی اور کس کا حصہ زیادہ ہوگا۔ سیاسی اختلاف بھی اب نظریات کی بنیاد پر نہیں بلکہ وسائل کی تقسیم پر ہوتا ہے،یہ صورتحال صرف حکومتی جماعت تک محدود نہیں۔ اتحادی جماعتوں کے اراکین بھی اسی دوڑ میں شامل دکھائی دیتے ہیں۔ کل تک جو رہنما حکومت پر تنقید کررہے تھے، آج وہی اقتدار کے قریب دکھائی دیتے ہیں، گویا بلوچستان کی سیاست میں مستقل چیز صرف مفاد رہ گیا ہے، مؤقف نہیں،حقیقت یہ ہے کہ جب سیاست خدمت کے بجائے فنڈز کے گرد گھومنے لگے تو عوام کا اعتماد کمزور پڑتا ہے۔ لوگ سوال کرتے ہیں کہ اگر اختلافات اتنے ہی سنجیدہ تھے تو پھر چند اسکیمات اور ملاقاتوں کے بعد سب کچھ کیسے بدل گیا؟ اور اگر سب کچھ مفادات کے تابع ہے تو پھر عوامی نمائندگی اور اصولی سیاست کا مطلب کیا رہ جاتا ہے؟ بلوچستان کے عوام کو اب نعروں سے زیادہ عمل دیکھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ عشائیوں کی سیاست ہمیشہ عوامی مسائل کا حل نہیں بلکہ اکثر سیاسی مفاہمتوں کا آغاز ثابت ہوتی ہے۔
