’یہ بھارت کی بھول ہے کہ ہمیں غم ہوگا، ہمیں اب عادت ہوگئی ہے‘: تابش ہاشمی کا قومی ٹیم کو ٹرول کرنے کا منفرد انداز وائرل
ویب ڈیسک | 16 فروری 2026
پاکستان کے معروف میزبان و کامیڈین تابش ہاشمی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر قومی ٹیم کو انوکھے انداز میں ٹرول کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے میزبان نے اپنے پروگرام میں گزشتہ روز کی شکست پر جہاں قومی کھلاڑیوں پر تنقید کے نشتر چلائے، وہیں بھارتی ٹیم اور کرکٹ بورڈ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے کلپ میں تابش ہاشمی کا کہنا تھا کہ خبر وہ ہوتی ہے جو انَ ہونی ہو، جو ہر بار ہوتی ہے وہ خبر نہیں کہلاتی اور آج بھی ایسا ہی ایک دن تھا۔ انہوں نے طنزاً کہا کہ گزشتہ روز پروگرام میں ماہرین جو کہہ رہے تھے وہی ہوا کہ امریکا نے نمیبیا کو شکست دے دی، جبکہ دوسری خبروں میں بھارت نے بھی پاکستان کو ہرا دیا لیکن اس پر ہمارا جوش و خروش دیدنی ہے۔
پروگرام کے میزبان نے بھارتی کرکٹ ٹیم اور بورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو لگ رہا ہے کہ ہمیں اس شکست کا کوئی غم ہے تو یہ آپ کی بھول ہے، ہمیں اب عادت ہوگئی ہے اور ہمیں کچھ نہیں ہوا۔ تابش ہاشمی نے پروگرام کے دوران شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم اور شاداب خان کی ناقص کارکردگی پر بھی طنزیہ تالیاں بجوائیں۔
