
تحریر منور شاہوانی
بلوچستان کی سیاست ایک بار پھر اقتدار، مفادات اور چاپلوسی کے گرد گھومتی دکھائی دے رہی ہے جیسے ہی صوبائی بجٹ قریب آیا وہی اراکین اسمبلی جو چند مہینے پہلے وزیراعلیٰ بلوچستان پر شدید تنقید کررہے تھے آج اچانک عشائیوں ملاقاتوں اور خوشامدی بیانات کے ذریعے اپنی ناراضی ختم کرتے نظر آرہے ہیں یہ سیاسی رویہ نہ صرف عوام کے اعتماد کا قتل ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ یہاں اصولوں سے زیادہ ذاتی مفادات اہم سمجھے جاتے ہیں گزشتہ کئی مہینوں سے یہی اراکین اسمبلی مختلف فورمز پر حکومت کی ناکامیوں ترقیاتی فنڈز کی غیرمنصفانہ تقسیم، بیروزگاری، بدامنی اور بنیادی سہولیات کی کمی پر آواز بلند کرتے رہےعوام کو یہ تاثر دیا گیا کہ وہ اپنے حلقوں اور عوامی حقوق کیلئے وزیراعلیٰ کے خلاف کھڑے ہیں لیکن جیسے ہی بجٹ کی آمد قریب ہوئی اور ترقیاتی اسکیموں، فنڈز اور سیاسی فائدوں کی خوشبو فضا میں پھیلی وہی ناراض اراکین اچانک وزیراعلیٰ کے سب سے بڑے خیرخواہ بن گئےبلوچستان کے عوام یہ سب کچھ برسوں سے دیکھتے آرہے ہیں یہاں سیاست نظریات کی نہیں بلکہ مفادات کی جنگ بن چکی ہے اقتدار کے ایوانوں میں عوامی مسائل پر نہیں بلکہ اس بات پر سودے بازی ہوتی ہے کہ کس کو کتنا فنڈ ملے گا کس کے حلقے میں کتنی اسکیمیں جائیں گی اور کون اگلے انتخابات کیلئے اپنی سیاسی دکان مضبوط کرے گایہی وجہ ہے کہ ہر بجٹ سے پہلے وزیراعلیٰ ہاؤس سیاسی زیارت گاہ بن جاتا ہے جہاں ناراض اراکین یکایک نرم پڑ جاتے ہیں حیرت کی بات یہ ہے کہ بلوچستان کے عوام آج بھی پانی، بجلی، صحت، تعلیم اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں نوجوان بے روزگار ہیں، ہسپتالوں میں دوائیاں نہیں اسکولوں میں اساتذہ نہیں دیہی علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں لیکن ہمارے منتخب نمائندوں کی ترجیح صرف یہ رہ گئی ہے کہ بجٹ میں ان کا حصہ کتنا ہوگاعوام کے مسائل ان کیلئے ثانوی حیثیت اختیار کرچکے ہیں
وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے عشائیوں کا یہ سلسلہ دراصل سیاسی وفاداری نہیں بلکہ مفادات کی سرمایہ کاری ہے ہر رکن اسمبلی جانتا ہے کہ اگر آج خوشامد کرلی جائے تو کل ترقیاتی فنڈزسرکاری اسکیمیں اور سیاسی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وزیراعلیٰ کے پاس دعوتیں قبول کرنے کیلئے وقت کم پڑگیا ہے کیونکہ ہر کوئی اپنی سیاسی بقا کیلئے دربار سجانے میں مصروف ہے
یہ رویہ بلوچستان کی سیاست کا سب سے تلخ پہلو ہے یہاں اختلاف بھی وقتی ہوتا ہے اور وفاداری بھی مفاد سے مشروط عوام کے سامنے ایک دوسرے پر کرپشن نااہلی اور اقرباپروری کے الزامات لگانے والے سیاستدان چند دن بعد ایک ہی میز پر بیٹھ کر قہقہے لگاتے نظر آتے ہیں اس دوغلے پن نے عوام کو سیاست سے بدظن کردیا ہےاگر یہی صورتحال برقرار رہی تو بلوچستان کبھی حقیقی ترقی کی طرف نہیں بڑھ سکے گا عوام کو اب یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کے مسائل کے نام پر سیاست کرنے والے اکثر نمائندے دراصل اپنے مفادات کی جنگ لڑتے ہیں جو سیاستدان کل تک وزیراعلیٰ کے خلاف بیانات دے رہے تھے آج انہی کے قصیدے پڑھنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہاں سیاست اصولوں پر نہیں بلکہ بجٹ کے اعدادوشمار پر چلتی ہےبلوچستان کے عوام اب صرف تقریروں اور عشائیوں سے متاثر ہونے والے نہیں وہ جانتے ہیں کہ ان کے نام پر ہونے والی یہ سیاسی محفلیں دراصل اقتدار کی سوداگری ہیں سوال یہ ہے کہ کیا کبھی ایسا وقت آئے گا جب بجٹ عوام کیلئے بنایا جائے گا یا کہ سیاسی وفاداریاں خریدنے کیلئے؟
