اسلام آباد(زیبائے پاکستان)وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا ہے کہ تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ذریعے کام کرنے والا ملازم محض طویل عرصے تک ملازمت کرنے کی بنیاد پر مستقل ہونے کا حق دار نہیں، جبکہ قانون یا متعلقہ پالیسی کے بغیر کسی ملازم کو ریگولرائز کرنے کا حق بھی حاصل نہیں ہوتا۔
18 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس عامر فاروق نے تحریر کیا، جس سے جسٹس ارشد حسین شاہ نے اختلاف کیا، جبکہ جسٹس روزی خان نے جسٹس عامر فاروق کے فیصلے سے اتفاق کیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ تھرڈ پارٹی معاہدے کے تحت کام کرنے والے ملازم کو مستقل ورک مین تسلیم کرنا دراصل معاہدے کی نفی کرنے کے مترادف ہے۔
’۔۔۔محض طویل عرصے تک ملازمت کرنا یا نو ماہ سے زائد کام کرنا کسی ملازم کو ریگولرائزیشن کا ازخود حق نہیں دیتا۔‘
فیصلے کے مطابق زیر سماعت مقدمے میں ملازم کی تنخواہ کی ادائیگی اور برطرفی سے متعلق معاملات کنٹریکٹر کے دائرہ اختیار میں تھے، جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان براہ راست ملازم کو تنخواہ ادا نہیں کرتا تھا۔
’۔۔۔ لہذا ایسے حالات میں اسٹیٹ بینک کو ملازم مستقل کرنے کا حکم دینا درست نہیں تھا۔‘
آئینی عدالت نے مزید قرار دیا کہ کسی قانونی جواز یا پالیسی کی عدم موجودگی میں ملازم کو مستقل کرنے کا حق پیدا نہیں ہوتا اور عدالت کو بھی کسی ملازم کو ریگولرائز کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) اور ہائیکورٹ کے سابقہ احکامات کالعدم قرار دے دیے۔
دوسری جانب جسٹس ارشد حسین شاہ نے اختلافی نوٹ تحریر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کسی ملازم کو صرف اس بنیاد پر قانونی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا کہ اسے کنٹریکٹر کے ذریعے بھرتی کیا گیا تھا یا اس کی ملازمت کو آؤٹ سورسنگ کا نام دیا گیا تھا۔
اختلافی نوٹ میں کہا گیا کہ کسی بھی مقدمے میں ملازمت کی اصل نوعیت، زمینی حقائق اور دستیاب شواہد کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس ارشد حسین شاہ کے مطابق آئین کے آرٹیکلز 3، 4 اور 25 کے تحت حاصل قانونی تحفظات کو محض معاہدوں کے ذریعے غیر مؤثر نہیں بنایا جا سکتا۔
جسٹس ارشد حسین شاہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں قرار دیا کہ این آئی آر سی اور ہائی کورٹ کے فیصلے درست تھے اور ان میں مداخلت کا کوئی جواز موجود نہیں تھا۔
