
محمدنسیم رنزوریار
قارئین کرام۔بلوچستان کی سنگلاخ وادیوں اور وسیع وعریض صحراؤں میں جہاں سورج کی پہلی کرن امید کی نوید بن کر اترتی ہے، وہاں اخبار کی دستک محض کاغذ کے چند صفحات کی آمد نہیں بلکہ شعور، آگاہی اور ریاست سے جڑے رہنے کے احساس کا نام ہے۔ دورِ حاضر میں جہاں دنیا ڈیجیٹل انقلاب کی زد میں ہے، وہیں بلوچستان جیسے پسماندہ اور حساس صوبے میں پرنٹ میڈیاء آج بھی وہ واحد معتبر قلعہ ہے جو حقائق کی نگہبانی کر رہا ہے۔ تاہم، حالیہ دنوں میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا یہ بیان کہ “اخبارات کی اہمیت ختم ہو چکی ہے”، نہ صرف زمینی حقائق سے چشم پوشی ہے بلکہ یہ اس قدیم اور مقدس پیشے کے خلاف ایک باقاعدہ معاشی جنگ کا اعلان محسوس ہوتا ہے۔ اس بیان پر جس طرح شدید ردعمل کا اظہار کیاجائے کم ہے وہ دراصل اس پوری صنعت کی سسکتی ہوئی آواز دباتا ہے جو حکومتی بے رخی اور “فرینڈلی اپوزیشن” کی خاموش ملی بھگت کے باعث دم توڑ رہی ہے۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ کسی بھی جمہوری معاشرے میں آزاد صحافت ریاست کا ضمیر ہوتی ہے، دشمن نہیں۔ لیکن جب ریاست کے اعلیٰ ترین منصب پر بیٹھی شخصیت اخبارات کو غیر متعلقہ قرار دے دے، تو اس کا صاف مطلب یہ ہوتا ہے کہ اب اشتہارات کی بندش، بجٹ کے اجراء میں دانستہ تاخیر اور پریس ایڈوانس کے ذریعے خبروں کی سنسر شپ کو ایک پالیسی کے طور پر اپنایا جائے گا۔ بلوچستان میں جہاں بجلی کا بحران سنگین ہے، انٹرنیٹ کی رسائی جوئے شیر لانے کے مترادف ہے اور ڈیجیٹل سہولیات محض بڑے شہروں کے چند مخصوص طبقوں تک محدود ہیں، وہاں اخبار آج بھی دور افتادہ علاقوں کے عوام تک مستند معلومات پہنچانے کا واحد ذریعہ ہے۔ ڈیجیٹل میڈیاء بلاشبہ برق رفتار ہے، مگر یہ بھی سچ ہے کہ یہ پلیٹ فارمز آج جعلی خبروں، غیر مصدقہ اطلاعات اور زہریلے پروپیگنڈے کی آماجگاہ بن چکے ہیں، جبکہ پرنٹ میڈیاء اپنی سخت ادارتی جانچ اور تصدیق شدہ معلومات کے باعث اعتبار کا وہ مینار ہے جسے گرانے کی کوشش براہ راست عوامی شعور پر حملہ ہے۔ پرنٹ میڈیاء کی ہر بات وزن رکھتی ہے لیکن پرنٹ میڈیاء کو دیوار سے لگانا دراصل اشتہارات کی بندش اور صحافتی اداروں کے معاشی قتل کا جواز پیدا کرنا ہے۔ یہ ایک منظم سازش معلوم ہوتی ہے کہ اخبارات کو مالی طور پر اتنا کمزور کر دیا جائے کہ وہ حکومت کے سامنے سر نگوں ہونے پر مجبور ہو جائیں۔ سب سے زیادہ افسوسناک کردار اس نام نہاد اپوزیشن کا ہے جو اسمبلی کے فلور پر تو جمہوریت کی مالا جپتی ہے مگر جب صحافت پر وار کیا جاتا ہے تو وہ خاموش تماشائی بن کر حکومت کی تائید کرتی نظر آتی ہے۔ کیا یہ اپوزیشن بھول چکی ہے کہ آزادیِ اظہار کے بغیر جمہوریت محض ایک کھوکھلا نعرہ ہے؟ مغربی دنیا میں جہاں ٹیکنالوجی عروج پر ہے، وہاں آج بھی نیویارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ جیسے اخبارات ریاست کی پالیسیاں مرتب کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، کیونکہ وہاں کے حکمران جانتے ہیں کہ دستاویزی اور تحقیقی صحافت کا کوئی متبادل نہیں۔ بلوچستان میں اخبارات نے ہمیشہ شدت پسند بیانیوں کے مقابلے میں اعتدال اور حب الوطنی کی شمع روشن رکھی ہے، اگر آج ان چراغوں کو بجھانے کی کوشش کی گئی تو اندھیروں کا فائدہ صرف ریاست دشمن عناصر کو ہوگا۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ میڈیاء پالیسی کی تشکیل میں پریس کلب یا یونینز کے بجائے ان حقیقی اسٹیک ہولڈرز یعنی اخباری مالکان اور ایڈیٹرز کو شامل کرے جو اس صنعت کے پہیے کو چلا رہے ہیں۔ یکطرفہ فیصلے اور اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم نہ صرف اخباری صنعت کو تباہ کرے گی بلکہ حکومت اور عوام کے درمیان معلوماتی خلیج کو اتنا وسیع کر دے گی جسے پر کرنا ناممکن ہوگا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ پریس ایڈوانس کے نام پر خبروں کو یرغمال بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے اور واجبات کی ادائیگی میں شفافیت لائی جائے۔ اخبارات سے وابستہ ہزاروں ورکرز، ہاکرز اور صحافیوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ اگر یہ صنعت ڈوب گئی تو بیروزگاری کا ایک نیا طوفان کھڑا ہوگا جو صوبے کے پہلے سے ابتر حالات میں مزید بگاڑ کا باعث بنے گا۔ ہم اربابِ اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پرنٹ میڈیاء کو معاشی طور پر مفلوج کرنے کے بجائے اس کی ترویج اور ترقی کے لیے عملی اقدامات کریں، کیونکہ ایک آزاد اور مستحکم پرنٹ میڈیاء ہی بلوچستان کے حقوق کی آواز اور وفاق کی مضبوطی کی ضمانت ہے۔
