غیبت کا دسترخوان اور ہماری خود ساختہ عدالتیں

0

سید نور آغا

انسان کی نفسیاتی گتھیوں میں سب سے پیچیدہ اور شاید سب سے پراسرار گتھی یہ ہے کہ اسے اپنے گریبان کے چاک سے زیادہ دوسروں کے دامن کے داغ اپنی جانب کھینچتے ہیں۔ ہماری معاشرتی نشستوں اور دوستوں کی محفلوں کی سب سے مرغوب غذا کسی کی عزت اچھالنا بن چکی ہے۔ شیخ سعدی شیرازی نے ہماری اس روش پر صدیوں پہلے کیا خوب تبصرہ فرمایا تھا:
زبان بریدہ بکنجے نشستہ صمٌ بکم
بہ از کسے کہ نباشد زبانش اندر حکم
(کٹی ہوئی زبان کے ساتھ گونگا بہرا ہو کر کسی کونے میں بیٹھ جانا، اس شخص سے ہزار درجے بہتر ہے جس کی زبان اس کے قابو میں نہ ہو)۔
شریعتِ مطہرہ کی اصطلاح میں اس بے قابو زبان کی سب سے غلیظ اور ہولناک پیداوار غیبت ہے۔ غیبت محض ایک معاشرتی برائی کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ایسا روحانی کینسر ہے جو انسان کی زندگی بھر کی نیکیوں کو یوں چاٹ جاتا ہے جیسے آگ سوکھی لکڑی کو۔ صحیح مسلم کی ایک نہایت جامع حدیث اس مرض کی بے لاگ تعریف کرتی ہے۔ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے استفسار فرمایا: کیا تم جانتے ہو غیبت کیا ہے؟ عرض کیا گیا، اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپ نے فرمایا: تیرا اپنے بھائی کا اس انداز میں ذکر کرنا جسے وہ ناپسند کرے۔ کسی نے پوچھا، اگر میرے بھائی میں وہ بات موجود ہو جو میں کہہ رہا ہوں؟ تو رحمتِ دوعالم کا جواب ہمارے تمام خود ساختہ جوازوں کی جڑ کاٹ دیتا ہے: اگر اس میں وہ بات موجود ہو تو تم نے اس کی غیبت کی، اور اگر وہ بات اس میں نہ ہو تو تم نے اس پر بہتان باندھا۔
ہمارے ہاں عموماً ہوتا کچھ یوں ہے کہ دو یا دو سے زائد افراد چائے کی پیالی پر جمع ہوتے ہیں اور گفتگو کا آغاز کسی کی ذات کو ہدف بنا کر کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر، خاندانی جائیداد کا کوئی پرانا تنازع ہو، کاروباری لین دین میں ہونے والی کوئی اونچ نیچ ہو، دفتر کی کوئی سیاست ہو یا کسی عزیز کی جانب سے کہی گئی کوئی تلخ بات۔ بس پھر کیا ہے! متاثرہ فریق اپنی مظلومیت کا لبادہ اوڑھ کر غیبت کے نشتر چلاتا ہے۔ اگر کوئی صاحبِ ایمان اس محفل میں شریعت کا آئینہ دکھانے کی جسارت کر بیٹھے تو فوراً ایک جذباتی ڈھال پیش کی جاتی ہے کہ بھائی جان! ہمارا تو دل جلا ہوا ہے، اس نے ہمارے ساتھ جو ظلم کیا ہے، وہ تو ہم ہی جانتے ہیں، اس لیے ہم اپنا بوجھ ہلکا کر رہے ہیں۔ گویا ہم نے نہایت سادگی سے یہ اصول طے کر لیا ہے کہ اگر ہمارا دل دکھا ہوا ہے تو ہمارے لیے اللہ کی حرام کردہ چیزیں حلال ہو جائیں گی۔ ہم اپنی ذاتی رنجشوں کو احکاماتِ الٰہی پر ترجیح دیتے ہیں، حالانکہ قرآنِ مجید سورہ الحجرات میں اس عمل کو اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھانے کے مترادف قرار دیتا ہے۔
ستم ظریفی کی انتہا اور ہماری اخلاقی گراوٹ کا آخری درجہ تو یہ ہے کہ ہماری یہ خود ساختہ عدالتیں اس وقت بھی برخاست نہیں ہوتیں جب مدعا علیہ اس دارِ فانی سے ہمیشہ کے لیے کوچ کر جاتا ہے۔ موت ایک ایسا لرزہ خیز سانحہ ہے جو بڑے بڑے پتھر دلوں کو موم کر دیتا ہے، مگر ہماری زبان کی قینچی قبر کی مٹی پڑنے کے بعد بھی پوری روانی سے چلتی رہتی ہے۔ جس شخص کا اعمال نامہ لپیٹ دیا گیا، جو اپنے خالق کے حضور پیش ہو چکا، ہم بے حسی کی انتہا کرتے ہوئے اس کی زندگی کی غلطیوں کا پوسٹ مارٹم کرنے بیٹھ جاتے ہیں۔
یہاں شریعت کا حکم انتہائی سخت، دو ٹوک اور واضح ہے۔ دینِ اسلام میں مُردوں کے بارے میں نازیبا کلمات کہنا صریحاً حرام اور کبیرہ گناہ ہے۔ اگر مرنے والے میں وہ خامی یا برائی حقیقت میں موجود تھی، تب بھی اسے بیان کرنا غیبت ہے، اور اگر وہ برائی اس میں موجود نہیں تھی اور محض پرانی دشمنی یا اسی جلے ہوئے دل کی بھڑاس نکالنے کے لیے تراشی جا رہی ہے، تو یہ بہتانِ عظیم ہے۔ حدیثِ مبارکہ کا واضح اور صریح فرمان ہے:
اذْكُرُوا مَحَاسِنَ مَوْتَاكُمْ، وَكُفُّوا عَنْ مَسَاوِيهِمْ
اپنے مردوں کی خوبیوں کا تذکرہ کیا کرو اور ان کی برائیوں سے اپنی زبانیں بند رکھا کرو۔
اب اس المیے کا سب سے تاریک اور وحشت ناک پہلو ملاحظہ فرمائیں۔ جب اس محفلِ مردہ خوری میں کوئی باضمیر شخص، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ نبھاتے ہوئے ٹوکتا ہے اور یاد دلاتا ہے کہ خدا کا خوف کرو، وہ شخص مٹی میں مل چکا، اس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے، اب تو اسے بخش دو، تو غیبت کرنے والا اپنی انا پر گہری چوٹ محسوس کرتا ہے۔ وہ اس خیر خواہی کی نصیحت کو قبول کرنے کے بجائے الٹا برا مناتا ہے، غصے میں آ جاتا ہے اور اپنے اسی خیالی درد کا واسطہ دے کر اپنے گناہ پر ہٹ دھرمی سے اصرار کرتا ہے۔
اس متکبرانہ رویے کی قرآنِ حکیم نے ایسی لاجواب اور ہولناک منظر کشی کی ہے کہ پڑھ کر روح کانپ اٹھتی ہے۔ سورہ البقرہ کی آیت 206 میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
وَإِذَا قِيلَ لَهُ اتَّقِ اللَّهَ أَخَذَتْهُ الْعِزَّةُ بِالْإِثْمِ ۚ فَحَسْبُهُ جَهَنَّمُ ۚ وَلَبِئْسَ الْمِهَادُ
اور جب اس سے کہا جاتا ہے کہ اللہ سے ڈر، تو تکبر اسے گناہ پر ابھارتا ہے۔ سو ایسے شخص کے لیے جہنم کافی ہے، اور وہ بہت برا ٹھکانہ ہے۔
حاصلِ کلام یہ ہے کہ زندگی محض چند سانسوں کی مہلت ہے اور ہر شخص نے اپنی اندھیری قبر میں تنہا اترنا ہے۔ دوسروں کی برائیاں کر کے، خواہ وہ زندہ ہوں یا مردہ، ہم دراصل اپنے ہی دامن کو آگ لگا رہے ہوتے ہیں۔ کسی نے ہمارے ساتھ کتنا ہی برا کیوں نہ کیا ہو، اس کا حساب اللہ کے ذمے ہے، ہم دنیا میں اس کے منصف نہیں ہیں۔ اردو کے ایک نامور شاعر نے اس کیفیت کو کیا خوبصورت الفاظ میں پرویا ہے:
چھوڑ یہ بات کہ ملے ہیں زخم کہاں سے تجھ کو
زندگی اتنا بتا کتنا سفر باقی ہے
ہمیں چاہیے کہ اپنی زبانوں کو شکوے شکایات، طعن و تشنیع اور غیبت کی غلاظت سے پاک رکھیں۔ عربی کا وہ مشہور مقولہ، جو دراصل احادیث کے مفہوم کا خوبصورت نچوڑ ہے، قدم قدم پر ہماری رہنمائی کے لیے کافی ہے:
مَنْ صَمَتَ نَجَا
جس نے خاموشی اختیار کی، اس نے نجات پائی۔
مردوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیجیے، اور اپنے حال پر رحم کیجیے، کیونکہ کل ہمیں بھی اسی خاموش اور بے بس مٹی کا حصہ بننا ہے، اور تب ہم بھی یہی چاہیں گے کہ ہمارے پیچھے ہماری برائیاں نہیں، بلکہ ہمارے لیے دعائے مغفرت کی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.