پٹرول پمپس اونرز کے مطالبات فوری تسلیم کیے جائیں۔ میر شمس شاہوانی

0

کوئٹہ/ کراچی (زیبائے پاکستان)آل پاکستان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین میر شمس شاہوانی نے پٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور فراہمی کے نظام کو مستحکم رکھنے کے لیے حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرول پمپس مالکان کو درپیش مسائل طویل عرصے سے حل طلب ہیں، جنہیں نظر انداز کرنا نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرے گا بلکہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین بھی شدید دباؤ کا شکار ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے جس کا براہ راست اثر عوام پر پڑے گا۔
میر شمس شاہوانی نے کہا کہ آئل ٹینکرز مالکان اور پٹرول پمپس اونرز دراصل ایک ہی سپلائی چین کا حصہ ہیں، اس لیے ایک فریق کے مسائل دوسرے پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹر برادری پہلے ہی بڑھتے ہوئے اخراجات، سیکیورٹی مسائل اور دیگر مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، ایسے میں پٹرول پمپس مالکان کے مسائل میں اضافہ پورے نظام کو متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول پمپس اونرز کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے فوری مذاکرات کیے جائیں اور قابلِ عمل حل نکالا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ میر شمس شاہوانی نےکہا کہ آل پاکستان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن ٹرانسپورٹر برادری کے حقوق کے ساتھ ساتھ ملک میں پٹرولیم سپلائی کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.