
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) رکن بلوچستان اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر عبید گورگیج نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور صوبے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات اور کارناموں کی مثال ماضی کی حکومتوں میں کم ہی ملتی ہے، کیونکہ حکومت عوامی مسائل کے حل، امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے میر عبید گورگیج نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ایک باصلاحیت اور عوام دوست رہنما ہیں جو صوبے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قلیل عرصے میں عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت اثرات بتدریج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک وسیع و عریض صوبہ ہے جہاں ماضی میں ترقیاتی کاموں کی رفتار سست رہی، تاہم موجودہ حکومت نے اس صورتحال کو بدلنے کا عزم کر رکھا ہے اور صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تعلیمی اداروں کی بہتری اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کیلئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
میر عبید گورگیج نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت امن و امان کے قیام کیلئے بھی بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ صوبے میں سرمایہ کاری اور ترقی کے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو چاہیے کہ وہ ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے موجودہ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ صوبہ مزید تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی حقوق اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے جدوجہد کرتی رہی ہے اور پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال صوبہ بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔
