پٹرول قیمتوں میں مزید اضافہ برداشت نہیں کر ینگے۔ حبیب بادیزئی

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر ، کوئٹہ کراچی روٹ کے معروف ٹرانسپورٹر ” حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی ” نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی ناگزیر ہوچکی ہے کیونکہ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام اور ٹرانسپورٹرز دونوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اسکولوں اور دفاتر کو بند کرنے جیسے فیصلوں سے مہنگائی کے اثرات کم نہیں ہوں گے بلکہ اس سے عوامی مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بھنور میں بری طرح پھنس چکے ہیں اور روزمرہ زندگی کے اخراجات پورے کرنا ان کیلئے انتہائی مشکل ہوچکا ہے۔انھوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید بحران کا شکار ہے۔ گاڑیوں کے ایندھن، پرزہ جات اور دیگر اخراجات میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کیلئے موجودہ کرایوں پر سروس جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی نہ کی گئی تو ٹرانسپورٹرز کرایوں میں اضافہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کیلئے عید کی تیاری مشکل ہوچکی ہے اور ایسے فیصلوں سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ انھوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کی بجائے فوری کمی کرکے عوام اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان کو کسی حد تک قابو میں لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل نہ کئے گئے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.