عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ، سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں عزمِ استحکام مہم کے تحت انڈین اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں اور ریاستی ادارے امن و امان کے قیام کے لیے پوری قوت کے ساتھ متحرک ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مثر کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت، جرات اور مثر حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیاب کارروائی دہشت گردی کے خلاف ریاست کے عزمِ مصمم کا واضح ثبوت ہے۔وزیر اعلی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں قیامِ امن حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عزمِ استحکام مہم صوبے میں مکمل امن اور پائیدار استحکام کی بحالی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے لیے صوبے میں کوئی جگہ نہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت، سیکیورٹی اداروں اور عوام کے باہمی تعاون سے بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.