ٹرانسپورٹرز نے پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں بھاری اضافہ مسترد کردیا۔

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی اور جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بھاری اضافے کو مسترد کرتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ٹرانسپورٹرز کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید بحران کا شکار ہے، گاڑیوں کے پرزہ جات، ٹائر، انشورنس اور ٹیکسوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ٹرانسپورٹرز کیلئے کاروبار جاری رکھنا ناممکن بنا دے گا۔ انھوں نے کہ بلوچستان ایک وسیع رقبے پر پھیلا ہوا صوبہ ہے جہاں طویل فاصلے طے کرنا پڑتے ہیں، ایسے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ براہِ راست کرایوں میں اضافے اور عوام پر اضافی بوجھ کا سبب بنتا ہے۔حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی نے کہا کہ حکومت عوامی مشکلات کو کم کرنے کے بجائے آئے روز نئے معاشی بوجھ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی دیگر ٹرانسپورٹر تنظیموں سے مشاورت کے بعد صوبہ بھر میں احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، انہیں دیوار سے لگانے کی پالیسی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز اور عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.