
ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہیں، شدید مذمت کرتے ہیں
سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای، اعلیٰ قیادت اور بے گناہ شہریوں کی ہلاکت انتہائی دلخراش سانحہ ہے جس پر پوری پاکستانی قوم رنجیدہ ہے
پاکستان اور او آئی سی فوری مشاورت کے ذریعے واضح اور متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں، تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو
بھارت، اسرائیل اور افغانستان کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون پاکستان کے لیے تشویش کا باعث ہے، ہر سازش ناکام کو بنایا جائے گا
پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ مسلح افواج ہر ممکن خطرے کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں
ایران کے خلاف کارروائی کو مسلم امہ سے الگ نہیں دیکھا جا سکتا، سینئر صوبائی نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان
اسلام آباد (زیبائے پاکستان) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و سینئر صوبائی نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی میر علی حسن زہری نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای، اعلیٰ قیادت اور بے گناہ شہریوں کی ہلاکت انتہائی دلخراش سانحہ ہے جس پر پوری پاکستانی قوم رنجیدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملے صرف ایک ملک پر نہیں بلکہ پورے خطے کے امن اور استحکام پر حملہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ برسوں سے اسرائیل مسلم دنیا کے خلاف سخت رویہ اپنائے ہوئے ہے لیکن عالمی طاقتیں اور بین الاقوامی ادارے اسے روکنے میں سنجیدہ کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ میر علی حسن زہری نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کے خلاف کارروائی کو مسلم امہ سے الگ نہیں دیکھا جا سکتا۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور او آئی سی پر زور دیا کہ وہ فوری مشاورت کے ذریعے واضح اور متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں، تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو اور مسلم ممالک کی خودمختاری محفوظ رہ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نازک مرحلے پر باہمی اختلافات بھلا کر اتحاد کا عملی مظاہرہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ مسلح افواج ہر ممکن خطرے کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ اگر کسی نے پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کی تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی دفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بعض قوتیں خطے میں عدم استحکام کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بھارت، اسرائیل اور افغانستان کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون پاکستان کے لیے تشویش کا باعث ہے جبکہ افغانستان کی سرزمین کو استعمال کر کے پاکستان کے خلاف سازشیں بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتیں۔ ایسی ہر کوشش کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستانی عوام اس مشکل گھڑی میں ایران کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فوری جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات کرے اور کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکے۔ اگر طاقت کے استعمال کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے سنگین نتائج پوری دنیا کو متاثر کر سکتے ہیں۔اقوام متحدہ سمیت متعلقہ فورمز کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دیتی ہے۔ اگر صورتحال کو فوری طور پر نہ سنبھالا گیا تو یہ کشیدگی وسیع تنازع میں بدل سکتی ہے، جس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جائیں گے۔
