وزیر اعلیٰ رمضان راشن پیکج سے لاکھوں گھروں کے چولہے روشن ہوئے۔میر عبید گورگیج

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) بلوچستان اسمبلی کے رکن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ” میر عبید گورگیج ” نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے شروع کیے گئے رمضان راشن پیکج کے باعث صوبے بھر میں لاکھوں مستحق گھروں کے چولہے روشن ہوئے اور غریب و نادار افراد کو ریلیف ملا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مستحقین تک امداد پہنچا کر ایک احسن اقدام کیا ہے جس سے معاشرے کے کمزور طبقات کو حقیقی معنوں میں سہارا ملا۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت بلوچستان کی کوشش رہی ہے کہ راشن پیکج کو شفاف انداز میں مستحق افراد تک پہنچایا جائے تاکہ کسی بھی حق دار کو محروم نہ رہنا پڑے۔ اس سلسلے میں مستحقین کو ان کا حق عزت و احترام کے ساتھ فراہم کیا گیا اور کسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں ہونے دیا گیا۔میر عبید گورگیج نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض سیاسی مخالفین اس عوامی فلاحی اقدام پر بھی سیاست کرنے سے باز نہیں آرہے اور راشن پیکج جیسے حساس معاملے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین اس قدر اخلاقی پستی کا شکار ہوچکے ہیں کہ انہیں عوامی خدمت کے اس اقدام میں بھی سیاست نظر آرہی ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کے پاس حکومت کے خلاف مخالفت برائے مخالفت کے علاوہ کوئی سنجیدہ موضوع باقی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 44 میں بھی رمضان راشن پیکج کے تحت بڑی تعداد میں مستحق خاندانوں کو راشن فراہم کیا گیا۔ ایسے گھروں تک بھی امداد پہنچائی گئی جہاں واقعی غربت اور تنگ دستی کی انتہا تھی اور جن کے پاس اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نام کے سوا کچھ نہیں تھا۔ میر عبید گورگیج نےکہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے اور آئندہ بھی عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ بلوچستان کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.