سرکاری ملازمین کا پینشن ختم کرنا بدترین ظلم ہے۔ پروفیسر حلیم صادق

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے بلوچستان حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے پینشن نظام میں تبدیلی اور 2025 کے بعد بھرتی ہونے والے ملازمین کیلئے نئی پالیسی کے نفاذ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ سرکاری ملازمین کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پینشن کسی بھی سرکاری ملازم کا بنیادی حق اور اس کے بڑھاپے کا سہارا ہوتی ہے، لیکن موجودہ پالیسی کے تحت نئے ملازمین کو اس حق سے محروم کرکے انہیں غیر یقینی صورتحال سے دوچار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے ہر ماہ 10 فیصد کٹوتی کی جائے گی جبکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے 12 فیصد رقم شامل کی جائے گی اور ریٹائرمنٹ کے وقت جتنی رقم جمع ہوگی وہی بطور پینشن ملازم کو دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پرانے پینشن نظام کے تحت حکومت خود ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی تنخواہ کا تقریباً 60 سے 70 فیصد تک پینشن فراہم کرتی تھی، جس سے ملازمین کو مالی تحفظ حاصل ہوتا تھا، مگر اب اس نظام کو ختم کرکے ایک ایسا طریقہ متعارف کرایا جارہا ہے جس سے ملازمین کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے مزید کہا کہ اس نئے طریقہ کار میں حکومت کی جانب سے شامل کی جانے والی 12 فیصد رقم کو سودی بنیادوں پر فنڈ قرار دیا جارہا ہے جو کہ نہ صرف معاشی طور پر بلکہ مذہبی حوالے سے بھی ایک حساس معاملہ ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں موجود مذہبی جماعتوں سمیت دیگر سیاسی قوتوں کی جانب سے اس معاملے پر خاموشی انتہائی حیران کن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کو چاہیے کہ وہ اس فیصلے پر فوری نظرثانی کرے اور سرکاری ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کسی بھی حکومت کا بنیادی ستون ہوتے ہیں اور اگر ان کے مستقبل کو غیر محفوظ بنایا گیا تو اس کے منفی اثرات پورے نظام پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اس پالیسی کو واپس نہ لیا اور ملازمین کے جائز تحفظات دور نہ کیے تو صوبے بھر کے سرکاری ملازمین میں شدید بے چینی پیدا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ملازمین کی نمائندہ تنظیموں، ماہرین معاشیات اور متعلقہ حلقوں سے مشاورت کے بعد ایسا نظام متعارف کرائے جو ملازمین کے مفاد اور ان کے مستقبل کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.