
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر رہنما میر خیراللہ جتک نے سریاب کے سرکردہ رہنماؤں کی جانب سے جمعیت سے بیس سالہ رفاقت ختم کرکے حاجی میر علی مدد جتک پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ میر خیراللہ جتک نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف بلوچستان کی سیاست میں نئے دور کا آغاز ہے بلکہ پارٹی کی مضبوطی اور عوامی خدمت کے عزم کو بھی بڑھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حاجی میر علی مدد جتک کی قیادت اور عوامی اعتماد کو سراہتے ہوئے یہ کہنا ضروری ہے کہ سیاسی بصیرت اور جرات مندی کا یہ عملی مظاہرہ بلوچستان کی سیاست میں شفافیت اور عوامی خدمت کے فروغ کی علامت ہے۔ میر خیراللہ جتک نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان میں ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے مستقل اور متحرک کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی کا دروازہ ہر اس شخص کیلئے کھلا ہے جو عوامی خدمت، شفاف سیاست اور صوبے کی ترقی کیلئے خود کو وقف کرے۔ میر خیراللہ جتک نے حاجی میر علی مدد جتک کو ان کی قیادت، سیاسی جرات اور عوامی خدمت کے جذبے پر خراج تحسین پیش کیا۔
