کچلاک بائپاس روڈ کی ازسر نو تعمیر کرپشن کی بدترین مثال ہے۔سید صادق آغا

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے کچلاک بائپاس روڈ کی ازسرنو تعمیر پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوامی مفاد کے برعکس اور کرپشن، لوٹ مار اور کمیشن خوری کی واضح مثال قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچلاک بائپاس روڈ مکمل طور پر درست اور قابل استعمال حالت میں موجود تھی، مگر اسے بلاجواز توڑ پھوڑ کر دوبارہ تعمیر کرنے کا عمل انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کے مطابق دنیا کے کسی بھی مہذب معاشرے میں اس قسم کے اقدامات نہیں کیے جاتے کہ جہاں سڑکوں کی اشد ضرورت ہو وہاں نظر انداز کیا جائے اور جو سڑکیں بہتر حالت میں ہوں انہیں محض ذاتی مفادات کی خاطر دوبارہ تعمیر کیا جائے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ یہ عمل نہ صرف عوام کے ساتھ زیادتی ہے بلکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مترادف بھی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسا ملک جو پہلے ہی کھربوں روپے کے قرضوں تلے دبا ہوا ہے، وہاں اس طرح کے غیر ضروری منصوبے شروع کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند افراد اپنے ذاتی مفادات اور مالی فوائد کے حصول کیلئے قومی وسائل کو داؤ پر لگا رہے ہیں، جبکہ عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں اور بنیادی سہولیات کا فقدان بدستور برقرار ہے۔ انہوں نے حکومتی اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں، شفاف تحقیقات کرائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ حکومتی فنڈز کے ضیاع کو روکا جا سکے اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.