
کوئٹہ/کراچی (زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے عوام کا کھلا معاشی قتل عام قرار دیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے اور مہنگائی کا طوفان ہر گھر کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور کم آمدنی کے مسائل سے بری طرح متاثر ہیں، مگر اس کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام پر ظلم کی انتہا کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی جنگ زدہ ممالک میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مستحکم ہیں، مگر پاکستان میں آئے دن پٹرول بم گرا کر عوام کو زندہ درگور کیا جارہا ہے۔ سید امان شاہ نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پیدا ہونے والی صورتحال کو جواز بنا کر پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آتا ہے، مگر حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بوجھ کو عوام پر منتقل کرنے کے بجائے بہتر حکمت عملی اختیار کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں اس قسم کے فیصلے معیشت کو مزید کمزور کرتے ہیں۔صنعت و تجارت متاثر ہوتی ہے اور مہنگائی کی نئی لہر جنم لیتی ہے، جس کا سب سے زیادہ نقصان غریب اور متوسط طبقے کو اٹھانا پڑتا ہے۔ سید امان شاہ نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوامی غم و غصہ شدت اختیار کرسکتا ہے، اور حکمرانوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بددعائیں موجودہ حکمرانوں کے اقتدار کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں کیونکہ عوام کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔ بصورت دیگر عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے اور اس تمام صورتحال کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔
