وزیراعلیٰ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت بننے والی شاہراہ ( سی پیک روڈ ) تاریخی پہاڑ سے منسوب، اب ‘تکتو ایونیو’ کہلائے گی، بورڈ نصب

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) وزیراعلیٰ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت بننے والی نئی طویل شاہراہ جو ایئرپورٹ روڈ، کڈنی سینٹر، سمنگلی روڈ اور سپنی روڈ سے ہوتے ہوئے سریاب روڈ یونیورسٹی تک جاتی ہے، اب ‘تکتو ایونیو’ کہلائے گی۔ ماضی میں سی پیک روٹ کے طور پر معروف اس شاہراہ کو مقامی تاریخی پہاڑ ‘تکتو’ سے منسوب کر دیا گیا ہے اور ایئرپورٹ روڈ پر تکتو ایونیو کا بورڈ بھی آویزاں کردیا گیا ہے۔ شاہراہ کا نام ‘تکتو ایونیو’ رکھنے کے اس فیصلے کو عوامی اور سماجی حلقوں میں بھرپور پزیرائی ملی ہے کیونکہ حکومت کا یہ فیصلہ مقامی تاریخ، جغرافیہ اور ثقافتی پہچان کو اجاگر کرنے کی ایک مثبت کوشش ہے۔ انتظامیہ نے غیر متعلقہ ناموں کے بجائے مقامی علامت ‘تکتو پہاڑ’ کو ترجیح دے کر عوام کے دل جیت لیے ہیں، تکتو ایونیو نہ صرف آمد و رفت میں آسانی پیدا کرے گی بلکہ نئی نسل کو اپنی ثقافتی پہچان اور تاریخ سے بھی جوڑے گی۔
