“ نہ ڈریں گے نہ جھکیں گے، عوامی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں نہیں ھوگا۔ سید صادق آغا

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بدترین اضافے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کی جانب سے کیے گئے پُرامن احتجاج کے بعد پارٹی کے متعدد رہنماؤں سمیت صوبائی سینئر نائب صدر سید صادق آغا کے خلاف مزید مقدمات درج کیے جانے پر سخت ردعمل سامنے آگیا ہے۔ سید صادق آغا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام پر مہنگائی کا ناقابل برداشت بوجھ ڈال کر ان کی زندگی اجیرن بنا چکی ہے، اور جب عوام اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے ہیں تو ان پر جھوٹے مقدمات قائم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہتھکنڈے نہ پہلے کبھی کامیاب ہوئے ہیں اور نہ آئندہ ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اور قیادت کسی صورت دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ “ہم نہ ڈرنے والے ہیں اور نہ جھکنے والے ہیں، بلکہ عوام کے حقوق کے حصول کیلئے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے، حتیٰ کہ ضرورت پڑی تو اپنی جانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے”، سید صادق آغا نے دو ٹوک الفاظ میں کہا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس نے عام آدمی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی انتقام پر اتر آئی ہے اور اپوزیشن کو دبانے کیلئے ریاستی طاقت کا ناجائز استعمال کر رہی ہے۔ سید صادق آغا نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی بلوچستان آئندہ بھی مہنگائی کے خلاف پُرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے گی اور عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ پرامن رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور کسی بھی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہ لائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.