
کوئٹہ(زیبائے پاکستان)کوئٹہ کے مشہور تجارتی مرکز آرچر روڈ پر اسکول کی کتابوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے والدین کی کمر توڑ دی ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں بچوں کی تعلیم جاری رکھنا ایک خواب بنتا جا رہا ہے۔
آرچر روڈ پر اسٹیشنری کی دکانوں پر خریداروں کا تانتا بندھا ہوا ہے، لیکن قیمتیں سن کر اکثریت کے ہوش اڑ جاتے ہیں۔ ایک شہری، احمد، جو کل رات اپنے بچے کے لیے پہلی جماعت کی کتابیں خریدنے آرچر روڈ گئے، نے بتایا کہ جب انہوں نے دکاندار سے کتابوں کا سیٹ مانگا تو قیمت سن کر ان کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔
احمد نے بتایا، “صرف پہلی جماعت کی کتابوں کے ایک سیٹ کی قیمت سات ہزار آٹھ سو روپے سے لی گئی۔ جس میں سکول ڈھیر ی اور اسٹیشنری کا سامان شامل نہیں تھا جسکے لیے علحدہ سالانہ فنڈ کے نام پر چار ہزار وصول کیے۔اسکول بیگ کے الگ چار ہزار آٹھ سو روپے ۔ یہ ٹوٹل رقم 16600اسکول فیس سے استثنا ہے اور یہ رقم ایک غریب یا متوسط طبقے کے آدمی کے لیے ناممکن ہے۔”
مخصوص کورسز کا بوجھ:
والدین کی پریشانی صرف قیمتوں تک محدود نہیں ہے۔ بہت سے نجی اسکولوں نے مخصوص پبلشرز کے کورسز لازمی قرار دیے ہیں، جو عام طور پر زیادہ مہنگے ہوتے ہیں۔ ان اسکولوں کی اپنی اسٹیشنری کی دکانیں بھی ہوتی ہیں جہاں سے یہ کتابیں خریدنا لازمی ہوتا ہے۔
تعلیم ایک کاروبار؟
اس صورتحال نے یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ کیا تعلیم اب ایک کاروبار بنتی جا رہی ہے؟ والدین کا کہنا ہے کہ اسکول مالکان بچوں کے مستقبل سے زیادہ اپنے منافع کی فکر کر رہے ہیں۔
اسکولوں کی چھٹیاں اور تعلیم کا حرج:
كتابوں کی گرانی کے ساتھ ساتھ، والدین اسکولوں کی کثرت سے ہونے والی چھٹیوں سے بھی پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے بچوں کی تعلیم کا حرج ہوتا ہے۔
انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ:
کوئٹہ کی عوام نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور کتابوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے نجی اسکولوں کے مخصوص کورسز لازمی قرار دینے کے عمل پر بھی پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ صورتحال کوئٹہ میں تعلیم کے مستقبل کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ اگر اس پر توجہ نہ دی گئی تو بہت سے بچے تعلیم سے محروم رہ سکتے ہیں۔
دی گئی ویڈیو اور تصویر سے آپ اس مہنگائی اور والدین کی پریشانی کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔
