درسی کتب کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ ڈاکٹر گلاب خان

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) ڈائریکٹر بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ ڈاکٹر گلاب خان خلجی نے صوبے کے مختلف علاقوں خصوصاً کوئٹہ میں درسی کتب کی عدم فراہمی کی خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ درانی کی ہدایات پر سرکاری کتب اسٹور کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے درسی کتب کی سکولوں اور صوبے کے دیگر اضلاع میں ترسیل کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈاکٹر گلاب خان خلجی نے کتب کی ترسیل میں سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کیں کہ طلبہ کو درسی کتب کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سیکرٹری ثانوی تعلیم بلوچستان لعل جان جعفر کی سربراہی میں درسی کتب کی بروقت اشاعت مکمل کی گئی ہے اور انہیں تعلیمی اداروں تک پہنچانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ڈائریکٹر ٹیکسٹ بک بورڈ نے واضح کیا کہ بعض تعلیمی اداروں میں کتب کی عدم فراہمی کی وجہ کام کا دباؤ اور ٹرانسپورٹ کے مسائل تھے، تاہم اب ان مسائل کو حل کرلیا گیا ہے اور کتب کی ترسیل کا عمل تیز کردیا گیا ہے تاکہ تمام طلبہ کو بلا تاخیر درسی کتب فراہم کی جاسکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.