ضلع قلات میں قائم پرنس عبدالکریم خان ہسپتال شعبۂ صحت کے حوالے سے ایک نمایاں اور منفرد حیثیت کا حامل ادارہ ہے

قلات(زیبائےپاکستان ) ضلع قلات میں قائم پرنس عبدالکریم خان ہسپتال شعبۂ صحت کے حوالے سے ایک نمایاں اور منفرد حیثیت کا حامل ادارہ ہے، جہاں گزشتہ کئی برسوں سے مقامی آبادی کو تسلسل کے ساتھ طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ ہسپتال نہ صرف ضلع بلکہ گردونواح کے علاقوں کے عوام کے لیے بھی امید کی ایک اہم کرن ثابت ہوا ہے۔ تاہم حالیہ عرصے میں اس اہم طبی مرکز کو مبینہ طور پر سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد اس کی کارکردگی کو مشکوک بنا کر عوام میں بداعتمادی پیدا کرنا ہے اور یہ تاثر دینا ہے کہ ہسپتال بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
یہ بات نمائندہ ڈسٹرکٹ چیئرمین میر عبدالغنی محمد حسنی، یونین کونسل چھپر کے چیئرمین ٹکر شاہ خالد مینگل، یونین کونسل پندران کے چیئرمین محمد یوسف، یونین کونسل بینچہ کے چیئرمین عبدالوحید رئیسانی، یونین کونسل نیمرغ کے چیئرمین حاجی خالد، یونین کونسل کپوتر کے چیئرمین حفیظ مینگل اور پاکستان پیپلز پارٹی ضلع قلات کی اقلیتی ونگ کے صدر جیپال داس سمیت دیگر رہنماؤں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ اب ہسپتال کے شہر سے فاصلے کو جواز بنا کر یہاں نصب ڈائیلاسز مشینری کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جو نہ صرف غیر ضروری بلکہ عوام دشمن اقدام ہوگا۔ ان کے مطابق اس وقت گردوں کے امراض میں مبتلا تقریباً سو مریض روزانہ کی بنیاد پر پرنس عبدالکریم خان ہسپتال میں ڈائیلاسز کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں، اور اس سہولت کی منتقلی سے ان مریضوں کو شدید مشکلات، طویل سفری مسائل اور بروقت علاج میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پرنس عبدالکریم خان ہسپتال میں ڈائیلاسز یونٹ کا قیام ایک اہم پیش رفت تھی، جس نے علاقے کے غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کو نہایت قریب اور مفت یا کم لاگت میں علاج کی سہولت فراہم کی۔ اگر اس یونٹ کو کسی اور مقام پر منتقل کیا گیا تو نہ صرف اس سہولت سے مستفید ہونے والے مریض متاثر ہوں گے بلکہ صحت کے شعبے میں حکومت اور متعلقہ اداروں کی ساکھ بھی متاثر ہوگی۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہسپتال کے خلاف منفی پروپیگنڈا دراصل عوامی فلاح کے اس اہم منصوبے کو کمزور کرنے کی سازش ہے، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے حکومتِ بلوچستان اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور ڈائیلاسز مشینری کی منتقلی کے فیصلے کو فی الفور روکیں، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی اقدام پر خاموش نہیں بیٹھا جائے گا اور ہر سطح پر اس کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پرنس عبدالکریم خان ہسپتال کی بہتری، توسیع اور مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، تاکہ ضلع قلات کے عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر رہیں۔
