
کوئٹہ(زیباےے پاکستان) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما ، آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے سیکرٹری جنرل میر اکبر لہڑی نے کوئٹہ میں ایگل اسکواڈ کی مبینہ فائرنگ سے معصوم نوجوان محمد خالد ساسولی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ھوئے کہا ہے۔ کہ ایک بے گناہ نوجوان، جو صرف ہسپتال میں خون دینے آیا تھا، اس کی جان لے لی گئی۔ یہ ناقابلِ برداشت ظلم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ایگل اسکواڈ کا شرپسند عناصر پر نظر رکھنا ہے۔ بے لگام اسکواڈ کو گولی چلانے کا اختیار کس نے دیا؟ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ریاست کی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، ملوث اہلکاروں کو سخت سزا دی جائے اور ایسی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مستقبل میں معصوم شہریوں کی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔انہوں نے متاثرہ خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پورا بلوچستان اس سانحے پر سوگوار ہے۔
