
کراچی/کوئٹہ(زیبائے پاکستان)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے ایک خوش آئند اور مثبت پیش رفت ہے، جو عالمی امن، معیشت اور استحکام کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کو یقینی بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔ سید امان شاہ نے کہا کہ اس اہم پیش رفت کے پس منظر میں پاکستان کی قیادت، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی اور ثالثی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، جن کے نتیجے میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بروقت اور مؤثر کردار ادا کیا، جس سے نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے کھلنے سے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل مکمل طور پر بحال ہونے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں توانائی کے شعبے میں استحکام آئے گا۔ اس کے مثبت اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی محسوس کیے جائیں گے، خصوصاً مہنگائی میں کمی، ایندھن کی قیمتوں میں استحکام اور معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی صورت میں۔ سید امان شاہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پیش رفت کے ثمرات عام آدمی تک منتقل کیے جائیں گے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ عالمی سطح پر ہونے والی مثبت تبدیلیوں کے اثرات کو ملکی سطح پر بھی مؤثر پالیسیوں کے ذریعے عوام تک پہنچائے۔سید امان شاہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایسے اقدامات کی حمایت کرتا رہے گا جو پائیدار ترقی اور خوشحالی کا باعث بنیں۔
