
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنما اور معروف قبائلی شخصیت میر خیر اللہ جتک نے مطالبہ کیا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی حاجی میر علی مدد جتک کو فوری طور پر صوبائی کابینہ میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بطور ایم پی اے میر علی مدد جتک کی کارکردگی نہایت شاندار اور نمایاں رہی ہے، اور انہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ میر خیر اللہ جتک نے کہا کہ میر علی مدد جتک نے اپنے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے دن رات محنت کی ہے، جس کی بدولت عوام میں ان کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میر علی مدد جتک ایک مخلص، دیانتدار اور عوام دوست رہنما ہیں، جنہیں کابینہ میں شامل کرکے نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف کیا جا سکتا ہے بلکہ صوبے کے عوام کو بھی مزید بہتر انداز میں ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی کہ میر علی مدد جتک کی کارکردگی اور عوامی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں صوبائی کابینہ میں اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
