
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے فواد چوہدری کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کو وفاقی علاقہ بنانے کی تجویز نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ یہ بلوچستان کے عوام کے حقوق، شناخت اور صوبائی خودمختاری پر براہِ راست حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بلوچستان کا دل ہے اور اسے کسی بھی صورت وفاق کے زیرِ انتظام دے کر مقامی آبادی کو مزید محرومیوں کی طرف دھکیلنا ناقابلِ قبول ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے اپنے بیان میں کہا کہ گوادر کی ترقی کا اصل راستہ اسے وفاقی تحویل میں دینا نہیں بلکہ مقامی لوگوں کو بااختیار بنانا، وسائل پر ان کا حق تسلیم کرنا اور صوبائی حکومت کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی جب فیصلے مقامی مشاورت کے بغیر کیے گئے تو ان کے نتائج منفی نکلے، لہٰذا اب ایسی کسی بھی تجویز سے اجتناب کرنا ہوگا جو عوامی احساسِ محرومی میں اضافہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی پسماندگی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں، ایسے میں گوادر کو وفاقی علاقہ بنانے کی بات دراصل عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر واقعی ترقی مقصود ہے تو تعلیم، صحت، روزگار اور انفراسٹرکچر پر توجہ دی جائے نہ کہ انتظامی حیثیت تبدیل کرکے مسائل میں اضافہ کیا جائے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے وفاقی حکومت اور متعلقہ حلقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے بیانات اور تجاویز سے گریز کریں جو صوبوں کے درمیان بداعتمادی کو ہوا دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان ہر اس اقدام کی مخالفت کرے گی جو بلوچستان کے حقوق کے منافی ہوگا اور اس سلسلے میں ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔
