
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز گرینڈ اتحاد اور خیبرپختونخوا بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ” ظاہر شاہ کاکڑ ” نے قومی شاہراہوں پر مسافر بسوں اور کوچز کو تلاشی کے نام پر گھنٹوں کھڑا رکھنے، مسافروں اور بس عملے کی بدترین تذلیل اور ہراسانی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل نے ٹرانسپورٹرز اور عوام دونوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے نام پر غیر ضروری تاخیر اور رویہ نہ صرف مسافروں کیلئے اذیت کا باعث ہے بلکہ ٹرانسپورٹ کے کاروبار کو بھی شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بسوں کو مختلف چیک پوسٹس پر طویل وقت تک روکنا کسی صورت قابل قبول نہیں، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب خواتین، بزرگ اور بیمار مسافر بھی شدید مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔ ظاہر شاہ کاکڑ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز پہلے ہی مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور دیگر مسائل سے دوچار ہیں، ایسے میں مزید رکاوٹیں کھڑی کرنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہوں پر چیکنگ کے نظام کو بہتر اور موثر بنایا جائے تاکہ مسافروں کو غیر ضروری پریشانی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے اپیل کی کہ ٹرانسپورٹرز کو عزت و وقار کے ساتھ اپنا کاروبار جاری رکھنے دیا جائے اور ان کے ساتھ تعاون کیا جائے تاکہ عوام کو بھی بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
