کوئٹہ: ایس بی کے یونیورسٹی کی طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کا منصوبہ بار بار تاخیر کا شکار ہونے پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) ایس بی کے یونیورسٹی کی طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کا منصوبہ بار بار تاخیر کا شکار ہونے پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
طالبات کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے لیپ ٹاپ فراہمی کے اعلانات تو کئی بار کیے گئے، مگر عملی طور پر ابھی تک تقسیم کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔
طالبات کے مطابق آن لائن کلاسز، اسائنمنٹس، ریسرچ اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کے لیے لیپ ٹاپ انتہائی ضروری ہیں، لیکن مسلسل تاخیر کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی طالبات نے شکایت کی کہ وہ مہنگے داموں انٹرنیٹ کیفے یا دوسروں کے کمپیوٹرز استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے نہ صرف وقت بلکہ مالی وسائل بھی ضائع ہو رہے ہیں۔
طالبات نے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور لیپ ٹاپ تقسیم کے عمل کو جلد از جلد یقینی بنائیں۔ طالبات کا کہنا تھا کہ جدید دور میں ڈیجیٹل سہولیات طلبہ کا بنیادی حق ہیں اور اس میں تاخیر ان کے مستقبل پر منفی اثر ڈال رہی ہے۔ انہوں نے حکومت بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ یہ عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ ان کی تعلیمی سرگرمیاں مزید متاثر نہ ہوں۔
