بلوچستان کی زراعت و معیشت تباہ، لوڈشیڈنگ اور بارڈر بندش نے مایوسی میں اضافہ کر دیا، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ

0

گوادر(زیبائے پاکستان )امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی زراعت، تجارت اور معیشت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے، جبکہ روزگار کی عدم فراہمی اور بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں مختلف تقاریب سے خطاب اور بعد ازاں ایکسیئن کیسکو گوادر حسین بخش سے ملاقات کے دوران کیا۔ مولانا ہدایت الرحمان نے زور دیا کہ صوبے میں بڑھتی ہوئی مایوسی اور احساسِ محرومی کو ختم کرنے کے لیے لاپتہ افراد کی بازیابی اور روزگار کی فراہمی جیسے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گوادر سمیت پورے بلوچستان کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے استثنی دیا جائے۔کیسکو حکام سے ملاقات کے دوران، جس میں چیئرمین میونسپل کارپوریشن گوادر ماجد جوہر اور دیگر بلدیاتی نمائندے بھی شریک تھے، ضلع بھر میں بجلی کے سنگین مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گوادر کے مختلف وارڈز، جیونی، پشکان اور زیارت مچی میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے، ٹرانسفارمرز کی فوری مرمت اور ورکشاپ کی فعالیت پر زور دیا گیا۔ مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ شدید گرمی کے پیش نظر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام مزید مشکلات کا شکار نہ ہوں۔ ایکسیئن کیسکو نے یقین دہانی کرائی کہ گوادر میں بجلی کی ترسیل کے مسائل حل کرنے اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.