ٹرانسپورٹ سے متعلق یک طرفہ فیصلے قبول نہیں کرینگے۔ٹرانسپورٹرز

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) آل پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ظاہر شاہ کاکڑ، جنرل سیکرٹری وزیر خان اور دیگر عہدیداروں نے محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان کی جانب سے لانگ روٹ بسوں میں ٹریکرز نصب کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے، تاہم اس قسم کے اہم فیصلوں میں ٹرانسپورٹرز اور بس مالکان کو اعتماد میں لینا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یکطرفہ طور پر ٹریکرز کی تنصیب کو لازمی قرار دینا اور اس کے ساتھ سخت جرمانے عائد کرنا ٹرانسپورٹرز کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ پہلے ہی ٹرانسپورٹ کا شعبہ مہنگائی، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور دیگر مالی مشکلات کا شکار ہے، ایسے میں مزید بوجھ ڈالنا مسائل کو بڑھا سکتا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹریکر سسٹم کے نفاذ سے قبل بس مالکان کو سبسڈی فراہم کرے یا آسان اقساط پر یہ سہولت مہیا کرے تاکہ چھوٹے ٹرانسپورٹرز بھی اس جدید نظام کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم یقیناً حادثات کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، لیکن اس کے مؤثر نفاذ کیلئے باہمی مشاورت ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جائے اور ایک مشترکہ پالیسی ترتیب دی جائے تاکہ قومی شاہراہوں پر چلنے والی بسوں کیلئے یکساں قوانین ہوں۔ بصورت دیگر اس فیصلے سے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ بس یونین عوام کی سہولت اور تحفظ کے ہر اقدام کی حمایت کرتی ہے، مگر ایسے اقدامات کو قابل عمل اور ٹرانسپورٹر دوست بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے تاکہ نظام بہتر انداز میں چل سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.