ترقی اور خوشحالی کے دعویدار گیس بجلی تک نہیں دے سکتے۔ پروفیسر حلیم صادق

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ مضافاتی علاقوں میں شدید گرمی کے دوران بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی کارکردگی کا اصل امتحان عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے، مگر افسوس کہ موجودہ حالات میں عوام کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب حکومت ترقی اور خوشحالی کے بلند و بانگ دعوے کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب عوام کو نہ بجلی میسر ہے اور نہ ہی گیس جیسی بنیادی ضرورت۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور گھریلو نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے خاص طور پر موسم گرما میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو ناقابل فہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی بندش کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور متبادل ذرائع پر انحصار مہنگا اور مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ بصورت دیگر عوامی ردعمل میں شدت آسکتی ہے جس کی تمام تر ذمہ داری حکام پر عائد ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.