یوم مزدور محنت کشوں کی قربانیوں کے اعتراف کا دن ہے۔ سید صادق آغا

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سنئیر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن دنیا بھر کے محنت کشوں کی عظیم قربانیوں، جدوجہد اور حقوق کے حصول کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور کسی بھی معاشرے کی ترقی اور معیشت کی مضبوطی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور ان کی فلاح و بہبود کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ بدقسمتی سے آج بھی مزدور طبقہ مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے، خاص طور پر بلوچستان کے محنت کشوں کو درپیش مشکلات زیادہ سنگین ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو چاہیے کہ مزدوروں کی اجرتوں میں اضافہ، سوشل سیکیورٹی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی علمبردار رہی ہے اور آئندہ بھی اس حوالے سے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ یوم مزدور ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع دیتا ہے کہ ہم محنت کش طبقے کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے اور ایک منصفانہ اور خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.