
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) رکن بلوچستان اسمبلی حلقہ پی بی 44 اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر عبید اللہ گورگیج کی مسلسل کاوشوں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کے نتیجے میں شہید بینظیر بھٹو ہسپتال غوث آباد باقاعدہ طور پر فعال ہوگیا ہے، جس سے علاقے کے عوام کو صحت کی بنیادی اور جدید سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔ گزشتہ کچھ عرصے سے اس منصوبے کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں اور بے بنیاد الزامات آخرکار دم توڑ گئے، اور عملی اقدامات نے ثابت کر دیا کہ میر عبید گورگیج نے ہمیشہ عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے۔ ہسپتال کے فعال ہونے سے نہ صرف غوث آباد بلکہ ملحقہ علاقوں کے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے، جو پہلے علاج کی سہولیات کے فقدان کے باعث مشکلات کا شکار تھے۔ تقریبِ افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید درانی نے باقاعدہ طور پر ہسپتال کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں بہتری اولین ترجیح ہے۔
تقریب میں میر عبید گورگیج کے نمائندوں میر ابرار جعفر، میر ثنااللہ جتک، میر شیر احمد بنگلزئی اور طارق سرپرہ نے بھی شرکت کی اور اس اہم پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کی دیرینہ ضرورت تھی، جس کی تکمیل سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حلقہ پی بی 44 میں مزید ترقیاتی منصوبے بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میر عبید گورگیج کی قیادت میں علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا اور کسی بھی قسم کی منفی سیاست یا پروپیگنڈے کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ حکومت اور منتخب نمائندے عوام کی خدمت کیلئے پرعزم ہیں اور آنے والے وقت میں مزید خوشخبریاں دی جائیں گی۔
